امریکی پاسپورٹس میں بڑی تبدیلی، ٹرمپ کی تصویر اور سنہری دستخط شامل کرنے کا اعلان

امریکی پاسپورٹس میں بڑی تبدیلی، ٹرمپ کی تصویر اور سنہری دستخط شامل کرنے کا اعلان

امریکا کے 250ویں یومِ آزادی کے موقع پر امریکی پاسپورٹس کے ڈیزائن میں اہم تبدیلیوں کا اعلان کیا گیا ہے جس کے تحت کچھ خصوصی پاسپورٹس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تصویر اور سنہری دستخط شامل کیے جانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق حکام نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ مخصوص یادگاری پاسپورٹس میں صدر کی تصویر شامل کرنے پر غور کیا جا رہا ہے جسے ایک غیر معمولی اور منفرد سرکاری اقدام قرار دیا جا رہا ہے۔

امریکی محکمۂ خارجہ کے مطابق یہ خصوصی پاسپورٹس امریکا کی آزادی کے 250 سال مکمل ہونے کی مناسبت سے جاری کیے جا رہے ہیں اور ان کا مقصد اس تاریخی موقع کو یادگار بنانا ہے۔

رپورٹ کے مطابق محدود تعداد میں جاری ہونے والے ان پاسپورٹس میں مختلف تاریخی ڈیزائن شامل کیے گئے ہیں جن میں ایک ڈیزائن میں صدر ٹرمپ کی سرکاری تصویر کو اعلانِ آزادی کے پس منظر میں نمایاں کیا گیا ہے، جبکہ ان کے دستخط سنہری رنگ میں درج ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں:جوہری کانفرنس میں امریکا اور ایران کے نمائندے ایک دوسرے پر برس پڑے، سخت جملوں کا تبادلہ

اسی طرح ایک اور ڈیزائن میں امریکا کے بانی رہنماؤں کی تاریخی پینٹنگ شامل کی گئی ہے جو اس خصوصی ایڈیشن کا حصہ ہوگی۔ محکمۂ خارجہ کے ترجمان ٹومی پیگوٹ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بیان دیتے ہوئے کہا کہ امریکا جولائی میں اپنی 250ویں سالگرہ منانے جا رہا ہے اور اسی سلسلے میں یہ یادگاری پاسپورٹس متعارف کرائے جا رہے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ خصوصی پاسپورٹس صرف محدود مدت اور مخصوص مقامات پر دستیاب ہوں گے جبکہ ان کے لیے کوئی اضافی فیس بھی وصول نہیں کی جائے گی۔ حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد قومی تاریخ اور آزادی کے جشن کو خصوصی انداز میں منانا ہے۔

editor

Related Articles