اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے صدر چوہدری یاسین نے بتایا کہ اجلاس دو حصوں میں منعقد ہوا پہلا سیشن چیئرمین بلاول بھٹو زرداری جبکہ دوسرا صدرِ مملکت اور شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی صدارت میں ہوا۔
چوہدری یاسین کے مطابق پیپلز پارٹی نے نئی حکومت بنانے کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے اور نئے وزیراعظم کا اعلان بلاول بھٹو زرداری آئندہ دو روز میں خود کریں گے۔
چوہدری یاسین نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی وفاق میں اتحادی ہیں، اس لیے آزاد کشمیر میں بھی مسلم لیگ (ن) کی حمایت حاصل ہوگی ان کے مطابق تحریکِ عدم اعتماد پیش ہونے پر ن لیگ کے ارکان پیپلز پارٹی کے حق میں ووٹ دیں گے۔
یہ خبر بھی پڑھیں :پی ٹی آئی رہنما کا حکومت کیخلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا عندیہ
اس سے قبل زرداری ہاؤس اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس میں فریال تالپور، سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف، قمر زمان کائرہ، اسپیکر آزاد کشمیر اسمبلی چوہدری لطیف اکبر، اور دیگر ارکان نے شرکت
کی۔
اجلاس میں پارٹی کی تنظیمی صورتحال، حکومتی کارکردگی اور آئندہ انتخابی حکمتِ عملی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے قیادت کو پارٹی اتحاد برقرار رکھنے اور عوامی رابطہ مہم مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔