پاکستان وائٹ بال کرکٹ ٹیم کے فیلڈنگ کوچ شین میکڈرمٹ نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق شین میکڈرمٹ نے اپنا استعفیٰ پاکستان کرکٹ بورڈ کو ارسال کر دیا ہے۔ آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے شین میکڈرمٹ نے نجی مصروفیات کے باعث بطور فیلڈنگ کوچ اپنی ذمہ داریاں چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شین میکڈرمٹ کچھ عرصہ قبل پاکستان کرکٹ بورڈ سے چھٹی لے کر اپنے وطن آسٹریلیا واپس گئے تھے۔
شین میکڈرمٹ کا پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ تین سالہ معاہدہ تھا، تاہم انہوں نے معاہدے کی مقررہ مدت مکمل ہونے سے قبل ہی عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔
شین میکڈرمٹ نے 5 جولائی 2025 کو پاکستان کرکٹ ٹیم کے فیلڈنگ کوچ کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھالی تھیں اور وہ پاکستان کی وائٹ بال کرکٹ ٹیم کے ساتھ کام کر رہے تھے۔
ان کی کوچنگ کے دوران قومی کرکٹ ٹیم کی فیلڈنگ میں واضح بہتری دیکھنے میں آئی، جسے شین میکڈرمٹ کی محنت کا نتیجہ قرار دیا جاتا ہے۔
شین میکڈرمٹ کے استعفے کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کو مصروف بین الاقوامی شیڈول سے قبل نئے فیلڈنگ کوچ کی تلاش کرنا ہوگی۔