پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کو ’خیبر پختونخوا چیمپئنز کرکٹ لیگ (کے پی سی ایل) کا برانڈ ایمبیسیڈر مقرر کر دیا گیا ہے جبکہ لیگ کی باقاعدہ افتتاحی تقریب 18 جولائی کو پشاور کرکٹ اسٹیڈیم میں منعقد ہوگی۔
لیگ انتظامیہ کے مطابق افتتاحی تقریب شام 6 بجے شروع ہوگی، جس کے ساتھ ہی صوبے کی نئی کرکٹ لیگ کا باضابطہ آغاز کیا جائے گا۔
شاہد آفریدی کی شائقین سے بھرپور شرکت کی اپیل
برانڈ ایمبیسیڈر مقرر ہونے کے بعد شاہد آفریدی نے خیبر پختونخوا، خصوصاً پشاور کے کرکٹ شائقین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے اہلِ خانہ کے ہمراہ افتتاحی تقریب میں شرکت کریں، ابھرتے ہوئے نوجوان کرکٹرز کی حوصلہ افزائی کریں اور صوبے کے اس نئے کرکٹ منصوبے کا حصہ بنیں۔
انہوں نے کہا کہ ایسی سرگرمیاں نوجوان ٹیلنٹ کو سامنے لانے اور صوبے میں کرکٹ کے فروغ کے لیے اہم کردار ادا کریں گی۔
یونس خان بطور لیگ کمشنر تقریب میں شریک ہوں گے
’کے پی چیمپئنز کرکٹ لیگ‘ کے کمشنر اور پاکستان ٹیم کے سابق کپتان یونس خان بھی افتتاحی تقریب میں شرکت کریں گے، جبکہ ان کے ہمراہ پاکستان کے سابق اور موجودہ بین الاقوامی کرکٹرز کی بڑی تعداد بھی شریک ہوگی۔
ٹورنامنٹ شیڈول اور ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا اعلان بھی ہوگا
لیگ انتظامیہ کے مطابق افتتاحی تقریب کے دوران ٹورنامنٹ کی باضابطہ تاریخوں کا اعلان کیا جائے گا، جبکہ صوبہ بھر میں منعقد کیے جانے والے ٹیلنٹ ہنٹ ٹرائلز، لیگ کی آئندہ سرگرمیوں اور دیگر اہم منصوبوں سے بھی آگاہ کیا جائے گا۔
شائقین اور اہلِ خانہ کے لیے خصوصی انتظامات
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ افتتاحی تقریب میں شرکت کرنے والے شائقین، خصوصاً خاندانوں کی سہولت کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔