پاکستان دشمن بھارتی میڈیا کی ایک اور جھوٹی پروپیگنڈا مہم بے نقاب

پاکستان دشمن بھارتی میڈیا کی ایک اور جھوٹی پروپیگنڈا مہم بے نقاب

پاکستان کے خلاف بھارتی میڈیا کے جھوٹے اور بے بنیاد پروپیگنڈے کا ایک اور منصوبہ بے نقاب ہوگیا ہے۔ وزارت اطلاعات و نشریات پاکستان نے بھارتی میڈیا کے گمراہ کن ہتھکنڈوں کو ایک بار پھر عوام کے سامنے لا کر ان کی حقیقت آشکار کردی ہے۔

تفصیلات کے مطابق بھارتی جریدے فرسٹ پوسٹ نے ایک جھوٹا دعویٰ کیا ہے کہ پاکستانی عسکری قیادت نے امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے اور اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کے ساتھ کوئی معاہدہ کیا ہے۔ جریدے نے اپنے دعوے میں یہ بھی کہا کہ اس مبینہ معاہدے کے تحت پاکستان 20 ہزار فوجی غزہ بھیجے گا۔

وزارت اطلاعات و نشریات نے بھارتی میڈیا کے اس بے بنیاد الزام کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ پاکستان نے نہ کبھی اسرائیل کو تسلیم کیا ہے اور نہ ہی کسی فوجی تعیناتی یا بیرونی معاہدے پر کوئی بات چیت ہوئی ہے۔

ترجمان کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) اور دفتر خارجہ پاکستان نے بھی کبھی غزہ میں کسی فوجی مشن کی تائید یا اس حوالے سے کوئی اعلان نہیں کیا۔

وزارت اطلاعات کے بیان میں کہا گیا ہے کہ فرسٹ پوسٹ نے صحافتی اصولوں کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی ہے۔ رپورٹ میں ایک نجی اخبار کے جملے کو سیاق و سباق سے ہٹا کر پیش کیا گیا تاکہ جھوٹا تاثر پیدا کیا جا سکے۔ رپورٹ میں شامل تمام “انٹیلی جنس لیکس” اور دعوے من گھڑت اور گمراہ کن ہیں۔

مزید کہا گیا ہے کہ بھارتی جریدے نے CNN-News18 جیسے ذرائع کا حوالہ دیا ہے جو ماضی میں بھی غیر مصدقہ اور جھوٹی معلومات پھیلانے میں ملوث رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کا دفاع مضبوط اور محفوظ ہے، غزہ میں فوج بھیجنے کے سوال کا جواب وزارتِ خارجہ دے گی، وزیراطلاعات عطا اللہ تارڑ

پاکستان نے ایک بار پھر اپنے واضح اور اصولی مؤقف کا اعادہ کیا ہے کہ وہ فلسطینی عوام کے حق خود ارادیت کی حمایت میں ہمیشہ مضبوطی سے کھڑا ہے۔

وزارت اطلاعات و نشریات کے مطابق یہ پروپیگنڈا بھارتی وزیر اعظم مودی کی ایماء پر چلنے والے ریاست نواز “گودی میڈیا” کی ایک اور ناکام کوشش ہے، جو پاکستان کے خلاف مضحکہ خیز اور بے بنیاد رپورٹنگ میں مصروف ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *