ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ تہران اور واشنگٹن کے درمیان بات چیت پاکستان کی ثالثی کے ذریعے جاری ہے اور دونوں فریقین نے ایران کی حالیہ تجویز پر اپنے ردعمل اور آراء بھی ارسال کر دی ہیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ترجمان کے مطابق مذاکرات کا عمل مکمل طور پر براہ راست نہیں بلکہ ثالثی چینل کے ذریعے آگے بڑھ رہا ہے، جس میں پاکستان کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔
ایرانی وزارت خارجہ نے واضح کیا کہ حالیہ پیش رفت کے باوجود دونوں ممالک کے درمیان بنیادی اختلافات برقرار ہیں، تاہم رابطے کا سلسلہ منقطع نہیں ہوا۔
بیان میں کہا گیا کہ ایران نے اپنی تجاویز پیش کر دی ہیں اور امریکا کی جانب سے بھی جواب موصول ہوا ہے، جن پر مزید غور جاری ہے۔
ترجمان ایرانی وزارت خارجہ کے مطابق ایرانی اور عمانی تکنیکی ٹیموں نے گزشتہ ہفتے عمان میں آبنائے ہرمز محفوظ جہاز رانی کے طریقۂ کار پر مذاکرات کیے اور دیگر متعلقہ فریقوں کے ساتھ آبنائے ہرمز کے طریقۂ کار پر مسلسل رابطے میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران کو خطے کے کسی بھی ملک، بشمول متحدہ عرب امارات سے کوئی دشمنی نہیں ہے۔