دنیا کے مقبول ترین سوشل میڈیا پلیٹ فارم فیس بک نے ایک نیا فیچر متعارف کرا دیا ہے جو صارفین کے لیے پوسٹنگ کے عمل کو مزید آسان اور دلچسپ بنائے گا۔ میٹا کے زیرِ انتظام اس پلیٹ فارم کے اربوں صارفین ہیں، اور کمپنی کی جانب سے اکثر ایسے فیچرز خاموشی سے شامل کیے جاتے ہیں جن کا باضابطہ اعلان نہیں کیا جاتا۔
میٹا کی جانب سے حال ہی میں فیس بک میں ایک نیا آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) فیچر شامل کیا گیا ہے جس کے ذریعے صارفین براہِ راست اپنی پوسٹس میں تصاویر تیار کر سکیں گے۔ اس سے قبل میٹا اے آئی سے تصاویر بنوانے کے لیے صارفین کو چیٹ یا دیگر ذرائع استعمال کرنا پڑتے تھے، مگر اب یہ سہولت براہِ راست پوسٹ بنانے کے عمل میں دستیاب ہوگی۔
اس مقصد کے لیے فیس بک کے “واٹس آن یور مائنڈ” پوسٹ باکس میں ایک نیا بٹن شامل کیا گیا ہے۔ یہ بٹن پوسٹ باکس کے نیچے دائیں جانب ایموجی فیس کے برابر میں موجود ہوگا۔ اس پر کلک کرنے سے صارفین میٹا اے آئی کو اپنی تحریری ہدایات دے کر اپنی پسند کی تصاویر تیار کروا سکتے ہیں۔
تحریری ہدایات دینے کے بعد میٹا اے آئی صارف کو چار مختلف تصاویر کے آپشنز فراہم کرے گا، جن میں سے کسی ایک کا انتخاب کیا جا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ بائیں جانب تصویر کو ایڈٹ کرنے کے لیے مختلف اختیارات بھی دیے جائیں گے تاکہ صارف اپنی پوسٹ کو اپنی مرضی کے مطابق بنا سکے۔
جب صارف تصویر سے مطمئن ہو جائے تو صرف “ڈن” پر کلک کرکے اسے پوسٹ کیا جا سکتا ہے۔
کمپنی کے مطابق یہ نیا فیچر بتدریج متعارف کرایا جا رہا ہے، اس لیے فی الحال تمام صارفین کو دستیاب نہیں۔ تاہم توقع ہے کہ آئندہ چند روز یا ہفتوں میں یہ فیچر دنیا بھر کے تمام فیس بک صارفین کے لیے پیش کر دیا جائے گا۔