لکی مروت، بنوں میں سیکیورٹی فورسز اور مقامی افراد کی مشترکہ کارروائیاں، فتنہ الخوارج کے متعدد دہشتگرد ہلاک

لکی مروت، بنوں میں سیکیورٹی فورسز اور مقامی افراد کی مشترکہ کارروائیاں، فتنہ الخوارج کے متعدد دہشتگرد ہلاک

خیبر پختونخوا کے 2  اضلاع میں ہفتے کے روز شدید فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے، جہاں سیکیورٹی فورسز اور مقامی افراد نے مل کر دہشتگردوں کی دراندازی کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے متعدد فتنہ الخوارج دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیاں، 34 فتنہ الخوارج دہشتگرد ہلاک، آئی ایس پی آر

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق لکی مروت میں فتنہ الخوارج دہشتگردوں کے ساتھ جھڑپوں کا آغاز ہفتہ کے روز کی صبح کے وقت ہوا جب تقریباً 25 سے 30 دہشتگردوں نے پولیس اہلکاروں اور مقامی افراد پر حملہ کیا، جو پہلے ہی اپنی جگہوں پر دفاعی پوزیشن سنبھال چکے تھے۔

حکام کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں متعدد دہشتگرد مارے گئے ہیں تاہم 6 دہشتگردوں کے مارے جانے کی تصدیق ہو چکی ہے، 6 کی لاشیں برآمد کر لی گئی ہیں۔ 3 دہشت گردوں کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے مزید تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔ سیکیورٹی جوانوں یا عام شہریوں کے جانی نقصان کی کوئی اطلاع یا تصدیق نہیں ہو سکی۔

خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں بھی اسی وقت جھڑپیں شروع ہوئیں، جہاں حوید اور ٹیپی تختی خیل کے علاقوں میں مقامی افراد اور پولیس یونٹس نے دہشتگردوں کو گھات لگا کر نشانہ بنایا، جو علاقے سے گزرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ آخری اطلاعات کے مطابق فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے اور سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ کارروائیاں اس وقت تک جاری رہیں گی جب تک خطرہ مکمل طور پر ختم نہیں ہو جاتا۔

مزید پڑھیں:شمالی وزیرستان میں فتنہ الخوارج کی معصوم شہریوں پر خودکش حملے کی ناکام کوشش، 3 خواتین اور 2 بچے شہید، 4 دہشتگرد ہلاک

حکام نے مقامی کمیونٹی کی بروقت اور مضبوط مزاحمت کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوام اور سیکیورٹی فورسز کا مشترکہ ردعمل دہشتگردوں کے ان عزائم کو ناکام بنانے میں فیصلہ کن ثابت ہو رہا ہے، جو ان اضلاع کو غیر مستحکم کرنا چاہتے ہیں۔

سیکیورٹی فورسز علاقے میں ہائی الرٹ پر ہیں جبکہ آپریشنز میں مزید شدت لائی جا رہی ہے۔ جیسے ہی صورتحال میں پیش رفت ہوگی، مزید اطلاعات فراہم کی جائیں گی۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *