وفاقی حکومت نے شہید ریحان زیب خان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے انہیں پاکستان کا اعلیٰ سول ایوارڈ “ستارۂ امتیاز” دینے کا اعلان کیا ہے۔ یہ اعلان ان کے بھائی رکن قومی اسمبلی مبارک زیب خان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر کیا، جہاں انہوں نے اپنے بھائی کے اعزاز یافتہ تمغے کی تصویر بھی شیئر کی۔
مبارک زیب خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ شہید ریحان زیب خان نے وطنِ عزیز کی خدمت میں اپنی جان کی قربانی دی اور یہ ایوارڈ ان کی عظیم قربانی اور خدمات کا اعتراف ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں صدرِ پاکستان اور وزیرِ اعظم میاں شہباز شریف کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے میرے بھائی کی خدمات کو سراہا اور انہیں یہ اعلیٰ ترین اعزاز سے نوازا۔
شہید ریحان زیب خان کو یہ اعزاز ان کی جرأت، قربانی اور ملک کے لیے بے لوث خدمات کے اعتراف کے طور پر دیا جا رہا ہے وفاقی حکومت کی جانب سے یہ فیصلہ نہ صرف ان کے اہل خانہ بلکہ پوری قوم کے لیے فخر اور حوصلہ افزائی کا باعث ہے۔ اس اقدام کے ذریعے حکومت نے یہ پیغام دیا ہے کہ پاکستان اپنے بہادر شہداء کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کرے گا اور ان کی یاد میں ہمیشہ عزت و احترام رکھا جائے گا۔
ستارۂ امتیاز پاکستان کا ایک اعلیٰ ترین سول ایوارڈ ہے جو ملک کی خدمت میں نمایاں کردار ادا کرنے والے شہریوں، فوجی اور سول حکام کو دیا جاتا ہے۔ شہید ریحان زیب خان کی قربانی اور ان کی خدمات کے اعتراف میں یہ اعزاز ان کے خاندان اور قوم کے لیے ایک قابلِ فخر لمحہ ہے۔
مبارک زیب خان کی جانب سے یہ اعلان سوشل میڈیا پر شیئر ہوتے ہی عوام اور سیاسی حلقوں میں شہید ریحان زیب خان کی قربانی اور خدمات کی تعریف کے لیے بھرپور ردعمل آیا۔ مختلف سوشل میڈیا صارفین نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایوارڈ ان کے عزم اور حبِ وطن کی بہترین پہچان ہے۔