ایپل کمپنی کی جانب سے رواں سال ستمبر میں آئی فون 18 پرو متعارف کرائے جانے کی خبریں گردش کر رہی ہیں، تاہم حتمی تاریخ کا اعلان کمپنی کی جانب سے کیا جائے گا۔ اس سے قبل ہی آئی فون 18 پرو کے ڈیزائن اور فیچرز سے متعلق کئی اہم تفصیلات سامنے آ چکی ہیں، جنہوں نے ٹیکنالوجی شائقین کی توجہ حاصل کر لی ہے۔
اطلاعات کے مطابق آئی فون 18 پرو کا مجموعی ڈیزائن بڑی حد تک اپنے پیشرو جیسا ہوگا، تاہم اس میں جدید 6.3 انچ ڈسپلے شامل کیے جانے کا امکان ہے۔ رپورٹس کے مطابق اس ماڈل میں انڈر اسکرین فیس آئی ڈی ٹیکنالوجی دی جا سکتی ہے، جبکہ فرنٹ کیمرا اسکرین کے اوپری بائیں کونے میں موجود ہوگا۔ کیمرہ سسٹم میں بھی نمایاں بہتری متوقع ہے، جس میں کم از کم ایک پچھلے کیمرے کے لیے ویری ایبل اپرچر اور نیا کیمرا کنٹرول بٹن شامل ہو سکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق نئے آئی فون میں ایپل کا طاقتور A20 پرو چِپ نصب کیے جانے کی افواہیں بھی گردش کر رہی ہیں، جو کارکردگی اور بیٹری ایفیشنسی میں واضح بہتری فراہم کرے گا۔ اس کے علاوہ میگ سیف چارجنگ کے لیے پچھلے سیرامک شیلڈ کے ڈیزائن میں تبدیلی، 5G کنیکٹیوٹی کے لیے ایپل کا اپنا تیار کردہ موڈیم، اور وائی فائی 7، بلوٹوتھ 6 اور تھریڈ سپورٹ کے لیے نیا اِن ہاؤس چِپ شامل کیے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
رپورٹس میں یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ آئی فون 18 پرو میں سیٹلائٹ کے ذریعے ویب براؤزنگ کی سہولت متعارف کرائی جا سکتی ہے۔ نئے رنگوں کے آپشنز میں برگنڈی، براؤن اور پرپل جیسے شیڈز شامل ہونے کی توقع ہے۔ دوسری جانب آئی فون 18 پرو میکس کے بارے میں بتایا جا رہا ہے کہ بڑی بیٹری کی وجہ سے یہ قدرے موٹا ہوگا اور اس میں 6.9 انچ ڈسپلے دیا جا سکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق ایپل اس بار مرحلہ وار لانچ پالیسی اختیار کر سکتا ہے، جس کے تحت آئی فون 18 کے پرو ماڈلز رواں سال کے آخر میں پیش کیے جائیں گے، جبکہ اسٹینڈرڈ آئی فون 18 کی ریلیز 2027 تک مؤخر ہونے کا امکان ہے۔ اگرچہ یہ تمام معلومات فی الحال افواہوں پر مبنی ہیں، تاہم ایپل کی جانب سے باضابطہ اعلان تک ان خبروں نے ٹیکنالوجی کے شائقین میں خاصی دلچسپی پیدا کر دی ہے۔