مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے شعبان المعظم کے چاند سے متعلق اعلان کردیا

مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے شعبان المعظم کے چاند سے متعلق اعلان کردیا

مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے باضابطہ طور پر اعلان کیا ہے کہ ملک کے کسی بھی حصے سے ماہِ شعبان المعظم  کا چاند نظر آنے کی شہادت موصول نہیں ہوئی، جس کے باعث یکم شعبان المعظم بدھ 21 جنوری کو ہوگی۔

یہ اعلان چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا سید عبد الخبیر آزاد کی زیرِ صدارت منعقدہ اجلاس کے بعد کیا گیا،ماہِ شعبان کے چاند کی رویت کے سلسلے میں مرکزی اجلاس میں وزارتِ مذہبی امور پاکستان کے ڈائریکٹر رابطہ حافظ عبدالقدوس، ڈاکٹر شاہد الرحمن مارتھ اور نصیرالدین نے اہم انتظامی و رابطہ ذمہ داریاں انجام دیں۔

اجلاس میں ملک بھر سے موصول ہونے والی اطلاعات اور شہادتوں کا باریک بینی سے جائزہ لیا گیا، تاہم کسی بھی مقام سے قابلِ قبول شہادت سامنے نہ آ سکی۔
فنی معاونت کے لیے مختلف سائنسی اداروں کے نمائندے بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔ محکمہ موسمیات پاکستان کی جانب سے ڈاکٹر حسن علی بیگ، سپارکو سے شوکت اللہ خان اور وزارتِ سائنس و ٹیکنالوجی سے جوائنٹ سیکریٹری زین العابدین نے سائنسی اور تکنیکی نکات پر بریفنگ دی۔

یہ بھی پڑھیں :سعودی عرب میں شعبان کا چاند نظر آیا یا نہیں؟اعلان ہوگیا

اس موقع پر ملک بھر میں زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس بھی بیک وقت اپنے اپنے ہیڈکوارٹرز لاہور، کوئٹہ، پشاور اور کراچی میں منعقد ہوئے، ان اجلاسوں میں بھی مقامی سطح پر چاند دیکھنے کی کوششیں کی گئیں اور مرکزی کمیٹی کو رپورٹ ارسال کی گئی۔

مولانا سید عبد الخبیر آزاد نے بتایا کہ آج پاکستان کے بیشتر علاقوں میں مطلع ابر آلود رہا، جب کہ چند مقامات پر مطلع صاف بھی تھا، تاہم اس کے باوجود کہیں سے بھی چاند نظر آنے کی تصدیق نہ ہو سکی۔

چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے واضح کیا کہ شریعت اور ضابطے کے مطابق معتبر شہادت کے بغیر نئے قمری مہینے کا اعلان نہیں کیا جا سکتا، اسی لیے تمام دستیاب معلومات اور رپورٹس کا جائزہ لینے کے بعد متفقہ طور پر یہ فیصلہ کیا گیا کہ ماہِ شعبان کا آغاز بدھ 21 جنوری سے ہوگا۔
شعبان المعظم کی آمد کے ساتھ ہی رمضان المبارک کی تیاریوں کا سلسلہ بھی شروع ہو جائے گا، جس کے پیش نظر یہ اعلان عوامی سطح پر خاص اہمیت کا حامل ہے۔

editor

Related Articles