پنجاب حکومت نے خواتین کی معاشی خودمختاری کو فروغ دینے کیلئے ایک اہم اور خوش آئند اقدام کا اعلان کر دیا۔
صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شفیع حسین کے مطابق آئندہ دو ماہ کے اندر خواتین کاروباری افراد کیلئے بلاسود قرضوں کی اسکیم شروع کی جا رہی ہے، جس کا مقصد خواتین کو کاروبار کے میدان میں آگے بڑھنے کے مساوی مواقع فراہم کرنا ہے۔
اس پروگرام پر عملدرآمد پنجاب اسمال انڈسٹریز کارپوریشن (PSIC) کرے گی، اسکیم کے تحت ویمن بزنس انکیوبیشن سینٹرز سے فارغ التحصیل خواتین قرض حاصل کرنے کی اہل ہوں گی، جبکہ ہنرمند خواتین اور دستکاروں کو بھی اس سہولت سے فائدہ اٹھانے کا موقع دیا جائے گا۔
ہر درخواست گزار خاتون کو کاروبار شروع کرنے یا موجودہ کاروبار کو وسعت دینے کیلئے 5 لاکھ روپے تک بلاسود قرض فراہم کیا جائے گا۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ اس پروگرام کا بنیادی مقصد خواتین کی کاروباری سرگرمیوں میں شمولیت بڑھانا اور مالی رکاوٹوں کو ختم کرنا ہے۔ انہوں نے خاص طور پر اس بات کی نشاندہی کی کہ چھوٹے شہروں میں رہنے والی خواتین کو سرمائے تک رسائی میں زیادہ مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جسے یہ اسکیم کم کرنے میں مدد دے گی۔
چوہدری شفیع حسین نے یہ اعلان ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری گجرات کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا، جو PSIC ہاؤس میں منعقد ہوئی۔ ملاقات میں خواتین کیلئے معاشی مواقع بہتر بنانے اور درپیش مسائل پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
مزید برآں صوبائی وزیر نے گجرات میں بزنس فیسلیٹیشن سینٹر اور ویمن بزنس انکیوبیشن سینٹر قائم کرنے کا بھی اعلان کیا، جہاں خواتین کو تکنیکی اور کاروباری تربیت فراہم کی جائے گی۔ ان مراکز میں ویمن چیمبر آف کامرس گجرات کیلئے خصوصی دفتر کی جگہ بھی مختص کی جائے گی، جس سے ادارہ جاتی تعاون اور خواتین کاروباری افراد کی رہنمائی مزید مؤثر ہو سکے گی۔