پی ٹی اے نے درآمد شدہ موبائل فونز کی رجسٹریشن اور ٹیکس کے حوالے سے تفصیلی معلومات اپنی ویب سائٹ پر جاری کر دی ہیں اس کے مطابق صارفین اپنے فونز پاسپورٹ یا شناختی کارڈ کے ذریعے رجسٹر کروا سکتے ہیں تاہم رجسٹریشن کے دوران ٹیکس کی شرح فون کی کسٹم ویلیو اور رجسٹریشن کے طریقہ کار کے لحاظ سے مختلف ہوگی۔
پی ٹی اے کے مطابق پاسپورٹ پر رجسٹریشن کروانے والے صارفین کے لیے سب سے چھوٹے فونز (30 ڈالر تک) پر صرف 430 روپے ٹیکس لگے گا جبکہ 30 سے 100 ڈالر مالیت کے فونز پر 3,200 روپے اور 100 سے 200 ڈالر کے فونز پر 9,580 روپے ٹیکس لاگو ہوگا۔ 200 سے 350 ڈالر کے فونز پر 12,200 روپے کے علاوہ 17 فیصد سیلز ٹیکس بھی عائد ہوگا۔
اسی طرح 350 سے 500 ڈالر کے فونز پر 17,800 روپے اور 500 ڈالر سے زائد کے فونز پر 27,600 روپے کے علاوہ 17 فیصد سیلز ٹیکس بھی شامل ہوگا۔
دوسری جانب شناختی کارڈ کے ذریعے رجسٹریشن کرنے پر ٹیکس کی شرح کچھ زیادہ ہے۔ 30 ڈالر تک کے فونز پر 550 روپے، 30 سے 100 ڈالر مالیت کے فونز پر 4,323 روپے اور 100 سے 200 ڈالر کے فونز پر 11,561 روپے ٹیکس عائد کیا جاتا ہے۔ 200 سے 350 ڈالر کے فونز پر 14,661 روپے کے علاوہ 17 فیصد سیلز ٹیکس، 350 سے 500 ڈالر کے فونز پر 23,420 روپے کے علاوہ 17 فیصد اور 500 ڈالر سے زائد فونز پر 37,007 روپے کے علاوہ 17 فیصد سیلز ٹیکس لگتا ہے۔
پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات صارفین کے لیے واضح اور شفاف نظام فراہم کرنے کے لیے کیے جا رہے ہیں تاکہ غیر رجسٹر شدہ فونز کے استعمال پر قابو پایا جا سکے اور درآمد شدہ موبائل فونز کے سلسلے میں ٹیکس کی درست شرح کا تعین ہو سکے۔
اس پالیسی سے نہ صرف درآمد شدہ فونز کے رجسٹریشن کے عمل میں آسانی آئے گی بلکہ ملکی خزانے میں بھی آمدنی میں اضافہ ہوگا اور صارفین کو اپنے فون رجسٹر کروانے کے لیے واضح رہنمائی میسر آئے گی۔