بھارت میں اپوزیشن جماعت کانگریس نے مودی حکومت کے خلاف ایک بڑا احتجاجی مظاہرہ کیامظاہرے میں مودی کے خلاف ’’ووٹ چور، گدی چھوڑ‘‘ کے نعرے لگائے گئے یہ ریلی دارالحکومت دہلی کے رام لیلا میدان میں منعقد کی گئی جس کی قیادت لوک سبھا میں قائدِ حزبِ اختلاف راہول گاندھی نے کی ملک بھر سے کانگریس کے سینئر رہنما، اراکینِ پارلیمنٹ اور بڑی تعداد میں پارٹی کارکنان اس میگا ریلی میں شریک ہوئے۔
راہول گاندھی نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مودی سرکار پر سخت تنقید کی اور کہا کہ بھارت میں اصل لڑائی سچ اور اقتدار کے درمیان ہے ان کے مطابق حکومت ووٹ چوری اور انتخابی دھاندلی کے ذریعے اقتدار میں ہے اور انتخابات میں پیسہ تقسیم کرنے اور ووٹر لسٹوں میں مداخلت کرکے اپنے من پسند نتائج حاصل کرتی ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ عوام اگر ووٹ چوری کی سیاست پر قابو پائیں تو چند منٹوں میں حکومت کو اقتدار سے ہٹا سکتے ہیں کانگریس نے ریلی میں ووٹ چوری، انتخابی عمل میں شفافیت اور جمہوری اداروں کے تحفظ کے مطالبات کو مرکزی موضوع بنایا۔
راہول گاندھی نے کہا کہ ہندوستانی تہذیب اور تمام مذاہب کی بنیاد سچ پر ہے، لیکن آج اقتدار میں بیٹھی قوتیں طاقت کو سچ پر ترجیح دے رہی ہیں۔ انہوں نے مودی حکومت اور الیکشن کمیشن کے درمیان مبینہ گٹھ جوڑ کا بھی الزام عائد کیا۔
پریانکا گاندھی نے بھی اس موقع پر بی جے پی کو چیلنج کیا کہ اگر وہ ایمانداری کے ساتھ بیلٹ پیپر پر الیکشن لڑے تو کبھی کامیاب نہیں ہو سکے گی ریلی کے دوران کارکنان نے ’’ووٹ چور، گدی چھوڑ‘‘ کے نعرے لگائے اور حکومت پر زور دیا کہ وہ عوام کے ووٹ کا احترام کرے۔
یہ احتجاج بھارت کے کئی ریاستوں میں جاری انتخابی عمل کے دوران اپوزیشن کی جانب سے جاری احتجاجی تحریک کا حصہ ہے جس میں بہار، تلنگانہ اور دیگر ریاستوں میں بھی مودی حکومت کے خلاف احتجاجی اقدامات جاری ہیں۔
کانگریس کی یہ ریلی واضح طور پر اس بات کی نمائندگی کرتی ہے کہ پارٹی انتخابی شفافیت اور جمہوری اقدار کے تحفظ کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔