نایاب مچھلی کی نیلامی، قیمت سن کر آپ بھی حیران رہ جائیں گے

نایاب مچھلی کی نیلامی، قیمت سن کر آپ بھی حیران رہ جائیں گے

جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو کی مشہور ٹویوسو فش مارکیٹ میں نئے سال کے موقع پر ہونے والی روایتی ٹیونا نیلامی میں ایک بار پھر تاریخ رقم ہو گئی، جہاں ایک جاپانی سوشی ریستوران چین نے نیلے فِن ٹیونا پر ریکارڈ توڑ بولی لگا کر نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا۔

نیلامی کے دوران 243 کلوگرام وزنی نیلے فِن ٹیونا کو 510 ملین ین میں فروخت کیا گیا، جو تقریباً 3 کروڑ 24 لاکھ امریکی ڈالر کے برابر ہے۔ یہ رقم اب تک کسی بھی ٹیونا مچھلی کے لیے ادا کی جانے والی سب سے زیادہ قیمت قرار دی جا رہی ہے۔

یہ قیمتی ٹیونا جاپان کی معروف سوشی ریستوران چین سوشی زانمائی کی مالک کمپنی کیومورا کارپوریشن کے صدر کیوشی کیمورا نے خریدی۔ کیوشی کیمورا کو جاپان میں ٹیونا کنگ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے اور وہ اس نیلامی میں بڑے پیمانے پر بولی لگانے کے لیے مشہور ہیں۔

قیمت توقعات سے کہیں زیادہ رہی

کیوشی کیمورا نے نیلامی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ اندازہ لگا رہے تھے کہ اس بار قیمت 300 سے 400 ملین ین کے درمیان رہے گی، تاہم بولی کا سلسلہ غیر معمولی طور پر آگے بڑھا اور حتمی قیمت 500 ملین ین سے تجاوز کر گئی۔

یہ بھی پڑھیں:کیا کوئی مچھلی بھی36 کروڑ روپے میں نیلام ہو سکتی ہے؟

انہوں نے اس موقع پر جاپان کی پہلی خاتون وزیراعظم کی ڈھائی ماہ پرانی حکومت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جس طرح نئی حکومت معیشت کو بہتر بنانے کے عزم پر قائم ہے، اسی طرح ان کا ادارہ بھی پوری لگن اور محنت سے کام کرتا رہے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ امید ہے یہ بولی عوام اور مارکیٹ دونوں کے لیے خوشی کا باعث بنے گی۔

صارفین کو معمول کی قیمت پر سوشی کی فراہمی

نیلامی کے بعد یہ قیمتی ٹیونا سوشی زانمائی کے مرکزی ریسٹورنٹ منتقل کی گئی، جہاں اسے کاٹ کر کمپنی کے مختلف برانچز میں تقسیم کر دیا گیا۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ کیوشی کیمورا نے واضح کیا کہ اس مہنگی خریداری کے باوجود صارفین کو ٹیونا سے تیار کردہ سوشی ڈشز معمول کی قیمت پر ہی فراہم کی جائیں گی۔

پرانا ریکارڈ بھی اسی کمپنی کے پاس تھا

واضح رہے کہ اس سے قبل سب سے زیادہ بولی کا ریکارڈ بھی سوشی زانمائی کے پاس ہی تھا، جب 2019 میں کمپنی نے 333.6 ملین ین میں نیلے فِن ٹیونا خریدی تھی۔ اس بار کی نیلامی نے نہ صرف اس ریکارڈ کو توڑ دیا بلکہ جاپان کی فوڈ انڈسٹری میں نئے سال کے آغاز پر معاشی امیدوں کو بھی نئی توجہ دلا دی۔

ماہرین کے مطابق ٹویوسو فش مارکیٹ کی یہ سالانہ نیلامی جاپان کی سمندری خوراک کی صنعت کی علامت سمجھی جاتی ہے اور اس میں لگنے والی بلند بولیاں عالمی سطح پر جاپانی سوشی اور سمندری خوراک کی اہمیت کو اجاگر کرتی ہیں۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *