پی ایس ایل کی 8ویں ٹیم خریدنے والے حمزہ مجید کون ہیں؟

پی ایس ایل کی 8ویں ٹیم خریدنے والے حمزہ مجید کون ہیں؟

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی 8ویں فرنچائزخریدنے والے حمزہ مجید چوہدری او زی گروپ کے چیئرمین ہیں اور ان کی کمپنی او زی ڈیولپرز نے 185 کروڑ روپے کی کامیاب بولی دے کر سیالکوٹ کی ٹیم اپنے نام کر لی ہے۔

ابتدائی طور پر پی ایس ایل کی 8ویں ٹیم کے لیے 170 کروڑ روپے کی بولی رکھی گئی تھی، تاہم او زی گروپ نے بلند ترین 185 کروڑ روپے کی بولی پیش کر کے فرنچائز حاصل کر لی۔

حمزہ مجید چوہدری ایک اوورسیز پاکستانی ہیں جن کی پیدائش کویت میں ہوئی۔ ان کا خاندان وہاں مقیم تھا، لیکن بعد میں وہ تعلیم کے لیے آسٹریلیا چلے گئے۔ 2008 میں ایک کمرے سے اپنے کاروبار کا آغاز کرنے والے حمزہ مجید نے 2019 میں او زی گروپ کی بنیاد رکھی، جو بنیادی طور پر ریئل اسٹیٹ اور تعمیرات کے شعبے میں سرگرم عمل ہے۔ 2020 میں وہ پاکستان منتقل ہوئے اور یہاں ریئل اسٹیٹ کے شعبے میں سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں کا آغاز کیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ پانچ سالوں میں پاکستان میں ریئل اسٹیٹ کے شعبے میں تنزلی آئی اور لوگوں کا اعتماد متاثر ہوا۔

حمزہ مجید چوہدری کی قیادت میں او زی گروپ مختلف شعبوں میں اپنی موجودگی قائم کر چکا ہے۔ گروپ سے وابستہ برانڈز، جن میں وائز مارکیٹ بھی شامل ہے، کاروباری دنیا میں نمایاں مقام رکھتے ہیں۔ او زی گروپ لاہور کی بلند ترین عمارت کی تعمیر بھی کر رہا ہے، جس پر کام جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل نئی ٹیموں کی نیلامی: علی ترین نے بڑا اعلان کردیا

بین الاقوامی کرکٹ میں دلچسپی رکھنے والے حمزہ مجید چوہدری نے برطانیہ میں منعقد ہونے والی ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز کی اسپانسرشپ بھی کی ہے۔ پی ایس ایل ٹیم خرید کر انہوں نے کرکٹ میں بڑی سرمایہ کاری کا فیصلہ کیا ہے اور مقامی صلاحیت کو فروغ دینے کے لیے آسٹریلیا کی ڈویژنل کرکٹ کو پاکستان میں متعارف کروانے کا عزم ظاہر کیا ہے۔

سیالکوٹ فرنچائز کے پی ایس ایل میں شامل ہونے سے لیگ کی تجارتی اہمیت، علاقائی نمائندگی اور عالمی سطح پر شناخت میں اضافہ ہونے کی توقع ہے۔ او زی ڈیولپرز کی کامیابی کے ساتھ ہی سیالکوٹ نے ملک کی سب سے بڑی ٹی20 لیگ میں باضابطہ طور پر قدم رکھ دیا ہے، جو شہر کی عالمی سطح پر کرکٹ اور اسپورٹس سامان سازی میں منفرد شناخت کو اجاگر کرے گی۔

بولی کے آئندہ مراحل میں لیگ کے مستقبل کے ڈھانچے اور سمت سے متعلق اہم فیصلے کیے جانے کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے، جس سے پاکستان سپر لیگ کے عالمی معیار اور تجارتی وسعت میں اضافہ ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل نئی ٹیموں کی نیلامی: علی ترین نے بڑا اعلان کردیا

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *