پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) نے اپنے گیارہویں سیزن میں ایک نیا اور تاریخی موڑ لے لیا ہے جہاں لیگ میں پہلی مرتبہ دو نئی ٹیموں کا اضافہ کیا گیا ہے، مارچ میں شروع ہونے والے اس سیزن میں اب چھ کے بجائے آٹھ ٹیمیں میدان میں اتریں گی، جس سے نہ صرف مقابلوں میں اضافہ ہوگا بلکہ لیگ کا دائرہ کار بھی مزید وسیع ہو جائے گا۔
اس پیش رفت کو پاکستان کرکٹ کے لیے ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے،اسلام آباد میں منعقد ہونے والی ایک باوقار تقریب کے دوران دو نئی فرنچائزز کی نیلامی کامیابی سے مکمل ہوئی۔
اس نیلامی میں سرمایہ کاروں نے بھرپور دلچسپی کا مظاہرہ کیا اور خطیر رقوم کی بولیاں لگائی گئیں، سیالکوٹ کی فرنچائز ایک ارب 85 کروڑ پاکستانی روپے میں فروخت ہوئی جو پی ایس ایل کی تاریخ کی اب تک کی سب سے مہنگی ٹیم بن گئی، جبکہ حیدرآباد کی فرنچائز ایک ارب 75 کروڑ روپے میں فروخت ہو کر دوسری مہنگی ترین ٹیم قرار پائی۔
حیدرآباد کی فرنچائز امریکی کمپنی ایف کے ایس گروپ نے سب سے زیادہ بولی لگا کر حاصل کی، اگرچہ ٹیم کا حتمی نام بعد میں طے کیا جائے گا، تاہم عارضی طور پر اسے حیدرآباد سے منسوب کیا گیا ہے۔
نیلامی کے موقع پر گروپ کے مالک فواد سرور نے واضح کیا کہ ان کے لیے حیدرآباد محض ایک نام نہیں بلکہ ان کی پہچان اور جذباتی وابستگی کی علامت ہے،فواد سرور پاکستانی نژاد امریکی شہری ہیں اور گزشتہ دو دہائیوں سے امریکا میں مقیم ہیں۔
ان کا تعلق حیدرآباد سے ہے جہاں وہ پیدا ہوئے اور ابتدائی تعلیم بھی وہیں حاصل کی، اس وقت وہ امریکی ریاست ٹیکساس میں رہائش پذیر ہیں، تاہم ان کا کہنا ہے کہ اپنے آبائی شہر سے ان کا رشتہ آج بھی مضبوط ہے۔
ان کے مطابق پی ایس ایل میں حیدرآباد کی نمائندگی کرنا ان کا دیرینہ خواب تھا جو اب حقیقت بن چکا ہے، ان کا کہنا تھا کہ یہ نہ صرف ان کی ذاتی کامیابی ہے بلکہ حیدرآباد کے عوام کے لیے بھی فخر کا لمحہ ہے۔
ایف کے ایس گروپ ایک عالمی ہولڈنگ کمپنی ہے جس کا مرکزی دفتر انڈونیشیا میں واقع ہے، ابتدا میں یہ کمپنی مچھلی کی خوراک اور تیل کی پیداوار سے منسلک تھی، تاہم وقت کے ساتھ ساتھ اس نے زراعت، خوراک، انفراسٹرکچر، ایوی ایشن اور رئیل اسٹیٹ جیسے شعبوں میں اپنی سرگرمیاں پھیلا لیں۔
آج یہ گروپ پاکستان، امریکا اور دیگر ممالک میں سرمایہ کاری کر رہا ہے اور انڈونیشیا میں خوراک اور فیڈ کے اجزا کا بڑا سپلائر سمجھا جاتا ہے۔ فواد سرور اس گروپ میں بطور صدر خدمات انجام دے رہے ہیں۔
فواد سرور امریکا میں بھی کرکٹ کے فروغ کے لیے سرگرم ہیں وہ کنگزمین کرکٹ برانڈ کے مالک اور منیجر ہیں، جبکہ ان کی ٹیم شکاگو کنگزمین نے 2024 میں مائنر لیگ کرکٹ چیمپئن شپ جیت کر نمایاں کامیابی حاصل کی تھی۔
واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ کا آغاز 2016 میں ہوا تھا، جس میں ابتدا میں پانچ ٹیمیں شامل تھیں۔ 2018 میں ملتان کو چھٹی ٹیم کے طور پر شامل کیا گیا، تاہم مالی مسائل کے باعث اس فرنچائز کا معاہدہ منسوخ کرنا پڑا، جس کے بعد اسے دوبارہ فروخت کیا گیا۔
اب دو نئی فرنچائزز کی شمولیت اور ریکارڈ نیلامی کے بعد پی ایس ایل ایک نئے دور میں داخل ہو چکی ہے جس سے لیگ کی مقبولیت، مسابقت اور عالمی اہمیت میں مزید اضافہ متوقع ہے۔