محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر حصوں میں آئندہ چند روز کے دوران موسم شدید سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سرد ہواؤں اور کم درجۂ حرارت کے باعث بالائی علاقوں میں سردی کی شدت میں مزید اضافہ متوقع ہے، جس سے معمولاتِ زندگی متاثر ہو سکتے ہیں ۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں موسم سرد اور خشک جبکہ مری اور گلیات کے علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے، ان علاقوں میں سرد ہواؤں کے باعث درجۂ حرارت مزید گرنے کا امکان ہے، جس سے سیاحوں اور مقامی افراد کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد رہنے کی توقع ہے، جبکہ سندھ کے علاقوں سکھر، روہڑی، شکارپور، کشمور اور بینظیر آباد میں بھی دھند پڑنے کا امکان ہے، جو صبح اور رات کے اوقات میں زیادہ شدید ہو سکتی ہے۔
خیبر پختونخوا کے شہروں پشاور، مردان، نوشہرہ، چارسدہ، صوابی، بنوں، کرک، لکی مروت اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی دھند چھائے رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہو سکتی ہے، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم سرد جبکہ مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔
پنجاب کے مختلف اضلاع میں دھند کا سلسلہ برقرار رہنے کا امکان ہے، لاہور، سیالکوٹ، نارووال، جہلم، گوجرانوالہ، گجرات، شیخوپورہ، اوکاڑہ، قصور، ساہیوال اور خانیوال میں شدید دھند چھائے رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے، دھند کی شدت کے سبب موٹرویز کو مختلف مقامات پر بند کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار حادثے سے بچا جا سکے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو سرد موسم اور دھند کے دوران احتیاط برتنے، غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور گرم لباس کے استعمال کی ہدایت کی ہے۔