پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) نے مسافروں کیلئے ایک خوش آئند خبر سناتے ہوئے چھ سال کے طویل وقفے کے بعد لاہور سے لندن براہِ راست فضائی آپریشن دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے،یہ فیصلہ نہ صرف بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں بلکہ کاروباری برادری اور سیاحوں کیلئے بھی انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ اس سے سفر کا وقت کم ہوگا اور سہولتوں میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔
پی آئی اے کے ترجمان کے مطابق لاہور سے لندن کیلئے پہلی براہِ راست پرواز 30 مارچ کو روانہ ہوگی، جس کا فلائٹ نمبر پی کے 757 ہوگا اس اقدام کو پی آئی اے کے بین الاقوامی نیٹ ورک کی بحالی کی جانب ایک مضبوط قدم سمجھا جا رہا ہے، کیونکہ ماضی میں مختلف انتظامی اور تکنیکی وجوہات کی بنا پر یہ روٹ معطل رہا تھا۔
اب اس روٹ کی بحالی سے قومی ایئرلائن ایک بار پھر یورپی منڈی میں اپنی موجودگی مضبوط کرنے کی کوشش کر رہی ہے،ترجمان نے مزید بتایا کہ لندن کیلئے پی آئی اے کی تمام پروازیں برطانیہ کے مصروف ترین اور اہم ہوائی اڈے ہیتھرو ایئرپورٹ کے ٹرمینل 4 پر لینڈ کریں گی، جو مسافروں کو بہتر کنیکٹیویٹی اور سہولتیں فراہم کرتا ہے۔
ابتدائی مرحلے میں پروازوں کی تعداد محدود رکھی جائے گی، تاہم مسافروں کی بڑھتی ہوئی طلب کو مدنظر رکھتے ہوئے برطانیہ کیلئے پروازوں میں بتدریج اضافہ کیا جائے گا، منصوبے کے مطابق لندن کیلئے پی آئی اے کی ہفتہ وار پروازوں کی مجموعی تعداد بڑھا کر سات تک لے جانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
قومی ایئرلائن اس سے قبل اسلام آباد سے لندن کیلئے بھی پروازیں آپریٹ کر چکی ہے، اور اعلان کے مطابق 29 مارچ سے اسلام آبادلندن روٹ پر فضائی آپریشن دوبارہ شروع ہو جائے گا، جہاں سے ہفتہ وار تین پروازیں لندن روانہ ہوں گی،اس طرح لاہور اور اسلام آباد دونوں شہروں سے براہِ راست پروازوں کی دستیابی پی آئی اے کے نیٹ ورک کو مزید وسعت دے گی۔