رانا مشہود احمد خان کا آئی ایم ایف پروگرام سے متعلق بڑا دعویٰ، ڈیڈ لائن بھی دیدی

رانا مشہود احمد خان کا آئی ایم ایف پروگرام سے متعلق بڑا دعویٰ، ڈیڈ لائن بھی دیدی

پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان آئندہ برس جون تک عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف کے پروگرام سے باہر آ جائے گا اور معیشت استحکام کی راہ پر گامزن ہوگی۔

لندن میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے مشکل فیصلوں کے باوجود ملکی معیشت کو سنبھالا دیا ہے اور آنے والے دنوں میں عوام کو اس کے مثبت نتائج ملیں گے۔

یہ بھی پڑھیں:آئندہ بجٹ میں عوام کو خوشخبریاں ملیں گی، رانا مشہود احمد خان

رانا مشہود احمد خان کا کہنا تھا کہ 2018 میں پاکستان پر ایسے حالات مسلط کیے گئے جن کے باعث ملک کئی سال پیچھے چلا گیا۔ ان کے مطابق مہنگائی اور غربت میں بے پناہ اضافے نے عوام کی زندگی اجیرن کر دی، تاہم ان کا دعویٰ تھا کہ عوام پر بوجھ ڈالنے والے وزیراعظم کو آئینی اور قانونی طریقے سے ہٹا دیا گیا۔

انہوں نے سابق وزیراعظم عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کے ذریعے پاکستان کے خلاف ایک منظم سازش کی گئی۔ رانا مشہود کے مطابق نواز شریف نے 250 سے زیادہ پیشیاں بھگتیں، مگر ان کے خلاف بنائے گئے تمام مقدمات جھوٹے ثابت ہوئے۔ انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ ’ایبسلوٹی ناٹ‘ کا نعرہ لگانے والے بعد میں انہی طاقتوں کے قدموں میں جا بیٹھے جن پر الزام لگایا جاتا رہا۔

رانا مشہود احمد خان نے سوال اٹھایا کہ اگر مقدمات جھوٹے ہیں تو پی ٹی آئی کے چیئرمین عدالتوں کا سامنا کرنے سے کیوں گھبراتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ گھڑی کیس ایک اوپن اینڈ شٹ کیس ہے اور اس میں مزید کسی وضاحت کی گنجائش نہیں۔

مزید پڑھیں:ترکیہ دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پاکستان کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گا، ترک سفیر عرفان نذیر اوغلو

انہوں نے یہ بھی کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے دورِ حکومت میں پاکستان کو عالمی سطح پر کوئی خاص اہمیت نہیں دی جا رہی تھی، جبکہ موجودہ حالات میں خطے میں کشیدگی اور جنگی صورتحال کے دوران متعدد ممالک پاکستان کے ساتھ کھڑے نظر آئے۔ ان کے مطابق یہ خارجہ محاذ پر حکومت کی کامیاب پالیسیوں کا ثبوت ہے۔

تقریب کے اختتام پر رانا مشہود احمد خان نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ قومی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں اور ریاستی اداروں کے ساتھ کھڑے ہو کر ملک کو درپیش چیلنجز سے نکالنے میں تعاون کریں۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *