ترکیہ دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پاکستان کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گا، ترک سفیر عرفان نذیر اوغلو

ترکیہ دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پاکستان کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گا، ترک سفیر عرفان نذیر اوغلو

پاکستان میں ترکیہ کے سفیر عرفان نذیر اوغلو نے کہا ہے کہ ترکیہ پاکستان کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ہر ممکن مدد فراہم کرے گا۔

اسلام آباد میں پاک، ترکیہ فرینڈشپ ویک کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ترک سفیر نے کہا کہ ’پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات کی تاریخ بہت پرانی اور مضبوط ہے۔ ہمارے آباؤ اجداد نے آزادی کے لیے بڑی قربانیاں دی ہیں، ہمیں قائداعظم محمد علی جناح کی خدمات اور قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرنا چاہیے‘۔

یہ بھی پڑھیں:بھارت نےپاکستان کی غیر مشروط حمایت پر ترکیہ کیساتھ تجارتی تعلقات کا بائیکاٹ کر دیا

عرفان نذیر اوغلو نے کہا کہ ’ہمارے برادرانہ تعلقات آج بھی پہلے کی طرح مضبوط ہیں، اور ہم اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ یہ دوستی وقت کے ساتھ مزید مستحکم ہوگی۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’ہمیں اس بات کا مکمل احساس ہے کہ پاکستان دہشت گردی کا شکار ہے، اور ترکیہ اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے پاکستان کی ہر ممکن مدد کرے گا۔‘

ترک سفیر نے کہا کہ دونوں ممالک معیشت، تجارت، سیاحت اور دفاع کے شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینے پر یقین رکھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ’ہم اپنے اقتصادی تعلقات کو مزید وسعت دینے کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کے تبادلے اور ثقافتی تعلقات کو بھی مضبوط بنانا چاہتے ہیں۔‘

تقریب میں چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے بھی خطاب کیا۔انہوں نے کہا کہ ’پاک، ترکیہ فرینڈشپ ویک’ کے سلسلے میں مختلف تقاریب پورے ہفتے جاری رہیں گی۔ کل پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس (پی این سی اے) میں ترک ثقافت پر مبنی فلمیں دکھائی جائیں گی اور ثقافتی سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے گا، جبکہ ہفتے کے اختتام پر کنونشن سینٹر میں ایک گرینڈ تقریب ہوگی۔

مزید پڑھیں:پاکستان اور ترکیہ کا تجارتی فروغ کے لیے اہم سروس شروع کرنے پرغور

رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ ’پاکستان اور ترکیہ کی دوستی تاریخی بنیادوں پر قائم ہے، پاکستانی عوام کے دل ترکیہ کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’جب پاکستان قائم ہوا تو ترکیہ نے ہر موقع پر پاکستان کا ساتھ دیا۔ چاہے معرکہ حق ہو یا کوئی عالمی فورم، ترکیہ ہمیشہ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا رہا ہے۔‘

ترک سفیر اور پاکستانی حکام نے تقریب کے اختتام پر امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے تعلقات آنے والے برسوں میں مزید مضبوط ہوں گے اور یہ دوستی خطے میں امن، ترقی اور استحکام کے لیے نئی راہیں کھولے گی۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *