ملک بھر میں سردی کی نئی لہر، میدانی علاقوں میں دھند جبکہ پہاڑوں پر شدید سرد موسم کا راج

ملک بھر میں سردی کی نئی لہر، میدانی علاقوں میں دھند جبکہ پہاڑوں پر شدید سرد موسم کا راج

محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتہ کے روز ملک کے بیشتر حصوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے، جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سردی کا سلسلہ بدستور جاری رہے گا۔ پنجاب، بالائی سندھ اور خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں میں درمیانی سے شدید دھند چھائے رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے جس کے باعث حدِ نگاہ میں نمایاں کمی ہو سکتی ہے۔

اسلام آباد اور گردونواح میں دن کے اوقات میں موسم سرد اور خشک رہے گا، تاہم رات اور صبح کے اوقات میں دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔ ماہرین موسمیات کے مطابق درجہ حرارت میں معمول سے کم سطح برقرار رہ سکتی ہے جس سے سردی کی شدت میں اضافہ محسوس ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں:ملک بھر میں پورا ہفتہ موسم کیسا رہے گا؟محکمہ موسمیات نےپیشگی اطلاع دیدی

پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے، جبکہ مری، گلیات اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں شدید سردی پڑنے کا امکان ہے۔ صوبے کے میدانی علاقوں میں سیالکوٹ، نارووال، جہلم، گوجرانوالہ، گجرات، لاہور، شیخوپورہ، اوکاڑہ، قصور، ساہیوال، خانیوال، فیصل آباد، جھنگ، لیہ، بھکر، نورپور تھل، ڈی جی خان، راجن پور، شورکوٹ، ملتان، کوٹ ادو، بہاولنگر، خانپور، بہاولپور اور رحیم یار خان میں درمیانی سے شدید دھند متوقع ہے جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہو سکتی ہے۔

سندھ کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ سکھر، روہڑی، شکارپور، کشمور، شہید بینظیرآباد، دادو، لاڑکانہ، ٹنڈوجام اور موہنجوداڑو سمیت مختلف علاقوں میں دھند کے باعث صبح کے اوقات میں حدِ نگاہ کم رہنے کی توقع ہے۔

خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا، جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سردی کا امکان ہے۔ پشاور، مردان، نوشہرہ، چارسدہ، صوابی، بنوں، کرک، لکی مروت اور ڈی آئی خان میں دھند چھائے رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

مزید پڑھیں:ملک میں شدید سردی کا راج ، پہاڑوں پر یخ بستہ موسم اور میدانی علاقوں میں دھند

گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں موسم شدید سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم صبح کے اوقات میں چند مقامات پر کہرا پڑ سکتا ہے۔ محکمہ موسمیات نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور خاص طور پر موٹر ویز اور قومی شاہراہوں پر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ سرد علاقوں میں رہائش پذیر افراد کو گرم لباس کے استعمال اور بزرگوں و بچوں کا خصوصی خیال رکھنے کا بھی مشورہ دیا گیا ہے۔

Related Articles