ہونڈا پاکستان نے نئے سال کے آغاز پر ہونڈا سِوک 2026 فیس لفٹ ماڈلز کی تعارفی (introductory) ریٹیل قیمتوں کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔
اس اعلان کے بعد پاکستان میں کار خریدنے کے خواہشمند افراد کو نئی سِوک کے اپڈیٹڈ ماڈلز اور قیمتوں کے بارے میں واضح معلومات مل گئی ہیں۔
چند روز قبل ہونڈا پاکستان نے ہونڈا سِوک کے معمولی فیس لفٹ ورژن متعارف کرانے کا اعلان کیا تھا، جس میں تمام ویریئنٹس میں ہونڈا سینسنگ کو بطور اسٹینڈرڈ فیچر شامل کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ گاڑی کے فرنٹ گرِل کے ڈیزائن میں تبدیلی کی گئی ہے جبکہ بیرونی اور اندرونی ڈیزائن میں بھی چند نمایاں اپڈیٹس متعارف کرائی گئی ہیں، تاکہ ڈرائیونگ کو مزید محفوظ اور آرام دہ بنایا جا سکے۔
اس سے قبل کمپنی کی جانب سے سِوک فیس لفٹ ماڈلز کی بکنگ قیمتیں جاری کی گئی تھیں، تاہم اب نئے سال کے موقع پر اپڈیٹڈ ہونڈا سِوک 2026 فیس لفٹ کی باضابطہ تعارفی ایکس فیکٹری قیمتیں سامنے آ گئی ہیں۔
کمپنی کے مطابق یہ قیمتیں جنوری 2026 سے نافذ العمل ہوں گی۔
ہونڈا پاکستان کے اعلان کے مطابق، ہونڈا سِوک فیس لفٹ کی تعارفی قیمتیں کچھ اس طرح ہیں : ہونڈا سِوک اسٹینڈرڈ کی قیمت 84 لاکھ 99 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے جبکہ ہونڈا سِوک اورئیل کی قیمت 88 لاکھ 34 ہزار روپے رکھی گئی ہے۔
اسی طرح ہونڈا سِوک آر ایس کی تعارفی قیمت ایک کروڑ ایک لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے۔
کمپنی نے واضح کیا ہے کہ یہ تمام قیمتیں تعارفی ہیں اور صرف محدود مدت کے لیے برقرار رہیں گی، جس کے بعد مارکیٹ کی صورتحال اور دیگر عوامل کے باعث ان میں تبدیلی کا امکان موجود ہے۔