ملک میں سونے کی قیمتوں میں مسلسل دوسرے روز بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد سونا نئی بلند ترین سطح 4لاکھ 81 ہزار سے تجاوز کرگیا۔
صرافہ مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں اضافے نے خریداروں اور سرمایہ کاروں کو حیران کر دیا ہے، عام صارفین کے لیے سونا خریدنا اور بھی مشکل ہوگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 900 روپے کا اضافہ دیکھنے میں آیا، جس کے بعد فی تولہ سونا 4 لاکھ 81 ہزار 862 روپے میں فروخت ہوا، اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں 771 روپے اضافہ ہوا، جس کے بعد 10 گرام سونے کی نئی قیمت 4 لاکھ 13 ہزار 118 روپے مقرر کی گئی۔
صرافہ مارکیٹ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ سونے کی قیمتوں میں اس اضافے کی بڑی وجہ عالمی مارکیٹ میں سونے کی بڑھتی ہوئی قیمتیں اور مقامی سطح پر طلب میں اضافہ ہے۔
بین الاقوامی منڈی میں سونا مہنگا ہونے کے اثرات براہ راست مقامی مارکیٹ پر بھی پڑ رہے ہیں، جس کے باعث قیمتوں میں تسلسل کے ساتھ اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
ماہرین کے مطابق عالمی معاشی غیر یقینی صورتحال، مہنگائی میں اضافہ اور سرمایہ کاروں کا محفوظ سرمایہ کاری کی جانب رجحان قیمتوں کو اوپر لے جا رہا ہے، یہی وجہ ہے کہ سرمایہ کار دیگر سرمایہ کاری کے ذرائع کے بجائے سونے کو ترجیح دے رہے ہیں، جس سے طلب میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔
دوسری جانب صرافہ مارکیٹ سے وابستہ تاجروں کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث سونے کی خریداری میں وقتی کمی دیکھنے میں آ رہی ہے، تاہم سرمایہ کاری کے مقصد سے خریدار اب بھی مارکیٹ میں موجود ہیں، اگر عالمی مارکیٹ میں یہی رجحان برقرار رہا تو آئندہ دنوں میں سونے کی قیمتوں میں مزید اضافہ متوقع ہے ۔