پاکستان میں حالیہ دنوں واٹس ایپ گروپس اور مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ایک پیغام تیزی سے وائرل ہوا، جس میں دعویٰ کیا گیا کہ پنجاب کے شہری dastakpunjab.online نامی ویب سائٹ کے ذریعے بغیر ڈرائیونگ ٹیسٹ دیے آن لائن ڈرائیونگ لائسنس حاصل کر سکتے ہیں۔ تاہم تحقیق کے بعد یہ دعویٰ مکمل طور پر غلط اور گمراہ کن ثابت ہوا ہے۔
جیو فیکٹ چیک اور متعلقہ حکومتی حکام نے تصدیق کی ہے کہ dastakpunjab.online نامی ویب سائٹ جعلی ہے اور اس کا حکومتِ پنجاب یا پنجاب ٹریفک پولیس سے کوئی تعلق نہیں۔ حکام کے مطابق یہ ویب سائٹ شہریوں کو دھوکہ دینے کے لیے بنائی گئی ہے۔
سرکاری وضاحت کے مطابق پنجاب میں ڈرائیونگ لائسنس، لرننگ ڈرائیونگ لائسنس، ڈپلیکیٹ لائسنس یا لائسنس کی تجدید (ری نیوول) کے لیے صرف حکومتِ پنجاب کی آفیشل ویب سائٹ dastak.punjab.gov.pk استعمال کی جا سکتی ہے۔ حکام نے واضح کیا کہ تمام سرکاری ویب سائٹس کا ڈومین govt.pk پر مشتمل ہوتا ہے، جبکہ dastakpunjab.online ایک غیر سرکاری اور مشکوک ویب سائٹ ہے۔
پنجاب ٹریفک پولیس کے ترجمان محمد عثمان قریشی نے اس حوالے سے بتایا کہ متعدد جعلی ویب سائٹس اور سوشل میڈیا پیجز سرکاری خدمات کا لبادہ اوڑھ کر شہریوں کو لوٹنے میں مصروف ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پہلی مرتبہ ڈرائیونگ لائسنس کے لیے درخواست دینے والے افراد کو بایومیٹرک تصدیق، تصاویر، ویڈیو ریکارڈنگ اور عملی ڈرائیونگ ٹیسٹ کے لیے خود ٹریفک پولیس مراکز جانا لازمی ہے، اور یہ عمل مکمل طور پر آن لائن ممکن نہیں۔
اوپن سورس انٹیلیجنس ایکسپرٹ انیس قریشی کے مطابق ایسی جعلی ویب سائٹس اکثر شناختی معلومات کے حصول اور مالی فراڈ میں ملوث ہوتی ہیں۔ ان کے بقول یہ پلیٹ فارمز صارفین سے شناختی کارڈ کی تفصیلات، ڈرائیونگ لائسنس کی تصاویر اور فون نمبرز اکٹھے کرتے ہیں اور بعد ازاں ایزی پیسہ یا جاز کیش کے ذریعے رقم منتقل کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔
حکام نے دوٹوک الفاظ میں واضح کیا ہے کہ حکومتِ پنجاب dastakpunjab.online کے ذریعے بغیر ڈرائیونگ ٹیسٹ لائسنس جاری نہیں کر رہی اور اس حوالے سے کیا جانے والا دعویٰ بے بنیاد ہے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ صرف سرکاری اور مستند ویب سائٹس استعمال کریں اور کسی بھی مشکوک لنک یا پیغام پر ہرگز اعتماد نہ کریں۔