پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما ارباب خضر حیات نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف اب پی ٹی ایم 2 بن چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی ایم کے جلسوں میں بھی ہزاروں افراد شریک ہوتے تھے تاہم جب انہوں نے ریاست مخالف بیانیہ اپنایا تو ان کا وجود ہی ختم ہوگیا، آج پی ٹی ایم کا نام لینے والا کوئی نہیں ہے۔ یہی حال آئندہ انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کا بھی ہوگا اور انہیں ٹکٹ لینے کےلئے امیدوار بھی نہیں ملیں گے۔ کیونکہ جس جماعت یا تحریک نے بھی اگر ریاست یا ریاستی اداروں پر حملہ کیا ہے تو تاریخ سے ان کا نام مٹ گیا ہے۔
ارباب خضر حیات نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کے ایک صوبائی وزیر مینا خان آفریدی کو تو بات کرنے کا بھی سلیقہ اور تمیز نہیں ہے۔ ان کے بیانات پختون روایات کے منافی ہے۔ تحریک انصاف اب ایک پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنی بن چکی ہے اور یہ کمپنی بنانے والے اب جیلوں میں ہیں اور وہیں رہیں گے۔
انہوں نے مزید کہا تحریک انصاف کی حکومت نے خیبر پختونخوا میں کرپشن کا بازار گرم کر رکھا ہے اور صوبے کے وسائل کو لوٹنے والوں کا احتساب ہوگا۔ تحریک انصاف کی موجودہ قیادت بھی جیلوں میں نظر آرہے ہیں۔