گوگل نے اپنے معروف انٹرنیٹ براؤزر کروم کے صارفین کے لیے ایک نہایت اہم سیکیورٹی اپ ڈیٹ متعارف کرا دی ہے اور تمام صارفین پر زور دیا ہے کہ وہ بغیر تاخیر اپنے براؤزر کو جدید ترین ورژن میں اپ ڈیٹ کریں۔
اس اقدام کا مقصد حال ہی میں سامنے آنے والی خطرناک سیکیورٹی خامیوں سے صارفین کو محفوظ رکھنا ہے جو سائبر حملوں کا باعث بن سکتی تھیں۔
بین الاقوامی ذرائع کے مطابق گوگل کا کہنا ہے کہ نئی اپ ڈیٹ میں کروم کے سسٹم میں موجود کئی تکنیکی کمزوریوں کو ختم کیا گیا ہے، یہ خامیاں ایسی تھیں جن کا فائدہ اٹھا کر ہیکرز صارفین کے کمپیوٹرز، موبائل فونز اور ذاتی معلومات تک رسائی حاصل کر سکتے تھے۔
اگرچہ کمپنی نے ان مسائل کی تفصیلات ظاہر نہیں کیں، تاہم اس بات کی تصدیق کی گئی ہے کہ ان میں سے بعض کمزوریاں انتہائی حساس نوعیت کی تھیں۔
گوگل کے بیان میں بتایا گیا ہے کہ حالیہ دنوں میں کروم کے مختلف ورژنز میں غیر معمولی سیکیورٹی مسائل سامنے آئے، جس کے بعد فوری طور پر اپ ڈیٹ جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
ماہرین کے مطابق ایسی کمزوریاں بدنیتی پر مبنی ویب سائٹس یا فائلز کے ذریعے صارفین کو نقصان پہنچا سکتی ہیں، جس سے ڈیٹا چوری، اکاؤنٹس ہیک ہونے اور پرائیویسی متاثر ہونے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ گوگل کروم دنیا بھر میں سب سے زیادہ استعمال ہونے والا ویب براؤزر ہے اور کروڑوں صارفین روزانہ اس پر انحصار کرتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ اس میں موجود کسی بھی قسم کی سیکیورٹی خامی بڑے پیمانے پر نقصان کا سبب بن سکتی ہے۔
سائبر سیکیورٹی ماہرین نے صارفین کو ہدایت کی ہے کہ وہ کروم میں خودکار اپ ڈیٹس کا آپشن فعال رکھیں تاکہ مستقبل میں کسی بھی خطرے سے بروقت بچاؤ ممکن ہو سکے۔
اس کے علاوہ صارفین کو مشکوک ویب سائٹس سے دور رہنے اور غیر معروف فائلز ڈاؤن لوڈ کرنے سے گریز کرنے کا بھی مشورہ دیا گیا ہے۔