چینی اسمارٹ فون ساز کمپنی Infinix نے اپنا نیا موبائل فون Infinix NOTE Edge متعارف کرا دی ہے۔۔ یہ نیا اسمارٹ فون اپنی انتہائی پتلی باڈی، طاقتور سلیکون کاربن بیٹری اور پرکشش قیمت کے باعث نمایاں توجہ حاصل کر رہا ہے۔
Infinix NOTE Edge کی سب سے نمایاں خصوصیت اس کا سلم ڈیزائن ہے، جس کی موٹائی صرف 7.2 ملی میٹر ہے، جبکہ آئی فون 17 کی موٹائی تقریباً 7.95 ملی میٹر بتائی جاتی ہے۔ اتنے پتلے ڈیزائن کے باوجود فون میں 6,500 ایم اے ایچ کی سلیکون کاربن بیٹری دی گئی ہے، جو اسے دیگر اسمارٹ فونز سے منفرد بناتی ہے۔ عام طور پر اسمارٹ فونز میں 3,000 سے 5,000 ایم اے ایچ تک کی بیٹری استعمال کی جاتی ہے، جبکہ سلیکون کاربن بیٹری کو بیٹری ٹیکنالوجی میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جاتا ہے، جو زیادہ دیر تک چارج محفوظ رکھنے اور تیز چارجنگ کی صلاحیت رکھتی ہے۔
یہ اسمارٹ فون 185 گرام وزن کے ساتھ MediaTek Dimensity 7100 (6 نینو میٹر) چِپ سیٹ پر مبنی ہے، جس میں آکٹا کور سی پی یو اور Mali-G610 MC2 جی پی یو شامل ہے۔ فون اینڈرائیڈ 16 آپریٹنگ سسٹم اور XOS 16 یوزر انٹرفیس پر چلتا ہے، جبکہ کمپنی کی جانب سے تین بڑے اینڈرائیڈ اپ ڈیٹس کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔
Infinix NOTE Edge میں 6.78 انچ کا AMOLED ڈسپلے دیا گیا ہے، جس کی ریزولوشن 1080×2436 پکسلز ہے۔ ڈسپلے 120 ہرٹز ریفریش ریٹ، PWM سپورٹ اور 1 بلین کلرز کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ڈیزائن کے لحاظ سے فون میں 3D کروڈ باڈی شامل کی گئی ہے، جو استعمال کے دوران بہتر گرفت اور آرام فراہم کرتی ہے۔ یہ فون مختلف رنگوں میں دستیاب ہوگا، جن میں ٹائٹینیم گرے بھی شامل ہے۔
کیمرہ سیٹ اپ کے مطابق فون میں 50 میگا پکسل کا مین کیمرا اور ایک ثانوی کیمرا دیا گیا ہے، جبکہ فرنٹ کیمرہ 13 میگا پکسل کا ہے۔ فون 4K اور 1080p ویڈیو ریکارڈنگ کی سہولت بھی فراہم کرتا ہے۔ اس کے علاوہ انڈر ڈسپلے فنگرپرنٹ سینسر، ڈوئل سم سپورٹ، 5G کنیکٹیویٹی، JBL ٹیونڈ ہائی ریز آڈیو، اور واٹر ریزسٹنٹ باڈی بھی اس کا حصہ ہیں۔
Infinix NOTE Edge میں 8 جی بی ریم کے ساتھ 128 جی بی یا 256 جی بی اندرونی میموری دی گئی ہے۔ قیمت کے حوالے سے کمپنی نے حتمی اعلان نہیں کیا، تاہم اس فون کی متوقع قیمت تقریباً 200 امریکی ڈالر بتائی جا رہی ہے، جبکہ پاکستان میں اس کی متوقع قیمت 64,999 روپے ہو سکتی ہے، جو مارکیٹ کے لحاظ سے مختلف ہو سکتی ہے۔