کے پی حکومت کے بھنگ کی کاشت کو قانونی تحفظ دینے کے فیصلے کیخلاف کمشنر پشاور کا کریک ڈاؤن کا فیصلہ

کے پی حکومت کے بھنگ کی کاشت کو قانونی تحفظ دینے کے فیصلے کیخلاف کمشنر پشاور کا کریک ڈاؤن کا فیصلہ

کمشنر پشاور ڈویژن ریاض محسود نے خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے ضلع خیبر وادی تیراہ میں بھنگ اور پوست کی کاشت کو قانونی تحفظ دینے کی مخالفت اور بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کا فیصلہ کرتے ہوئے متعلقہ محکموں کو ہدایت کر دی ۔

قبائلی اضلاع میں منشیات کے مکمل خاتمے اور پوست کی کاشت کی روک تھام کیلئے کمشنر پشاور کی جانب سے اہم فیصلے کر لئے گئے ہیں اس سلسلے میں قبائلی ضلع خیبر اور ضلع مہمند کے کسانوں کو متبادل بیج، کھاد اور دیگر زرعی سہولیات فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ دونوں اضلاع کی ضلعی انتظامیہ سے متبادل فصلوں سے متعلق جامع پلان طلب کر لیا گیا ہے۔

یہ فیصلے کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں کیے گئے، جس میں سیکرٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن خالد الیاس، اینٹی نارکوٹکس فورس کے حکام، محکمہ زراعت کے افسران اور قبائلی ضلع خیبر و ضلع مہمند کی ضلعی انتظامیہ کے نمائندگان نے شرکت کی۔

اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے سیکرٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن خالد الیاس نے بتایا کہ پوست کی ایسی جدید ہائی بریڈ قسم تیار کر لی گئی ہے جس سے منشیات تیار نہیں کی جا سکیں گی بلکہ اسے صرف ادویات سازی کے مقاصد کے لیے استعمال کیا جا سکے گا۔

یہ بھی پڑھیں :خیبر پختونخوا حکومت کے ترجمان شفیع جان نے تیراہ میں بھنگ کاشت ہونے کا اعتراف کرلیا

وفاقی اور صوبائی حکومت کی منظوری کے بعد یہ ہائی بریڈ بیج کسانوں کو فراہم کیا جائے گا۔پوست کی کاشت روکنے کے لیے ضلعی انتظامیہ، محکمہ انسدادِ منشیات، محکمہ ایکسائز، پولیس اور محکمہ زراعت پر مشتمل خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں،حکومت کی جانب سے کسانوں کو ان کی زمین اور علاقے کے مطابق مفت متبادل بیج فراہم کیے جائیں گے، جن سے انہیں پوست کے مقابلے میں تین گنا تک زیادہ منافع حاصل ہو سکے گا۔

محکمہ زراعت نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ ضلع خیبر اور ضلع مہمند کے وہ تمام علاقے جہاں ماضی میں پوست کی کاشت کی جاتی رہی ہے، وہاں متبادل فصلوں کی کاشت کے وسیع امکانات موجود ہیں، جو نہ صرف قانونی ہیں بلکہ معاشی طور پر بھی زیادہ فائدہ مند ثابت ہو سکتی ہیں،اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ منتخب عوامی نمائندوں، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کے ذریعے کسانوں میں آگاہی مہم چلائی جائے گی تاکہ انہیں متبادل فصلوں کی کاشت کی طرف راغب کیا جا سکے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود نے کہا کہ چونکہ مارچ کا مہینہ پوست کی کاشت کے لیے حساس سمجھا جاتا ہے، اس لیے بھرپور اقدامات کیے جائیں تاکہ اس سال پوست کی کاشت سرے سے نہ ہو، انہوں نے ہدایت کی کہ کسانوں کو مارچ سے قبل متبادل فصلوں کے بیج فراہم کیے جائیں تاکہ وہ بروقت اور بہتر فیصلہ کر سکیں۔

author

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *