رمضان المبارک میں کتنے افراد کو 10ہزار روپے ملیں گے ؟

رمضان المبارک میں کتنے افراد کو 10ہزار روپے ملیں گے ؟

پنجاب حکومت نے رمضان المبارک کی آمد سے قبل نادار اور مستحق افراد کے لیے ملکی تاریخ کا ایک بڑا اور جامع ریلیف پیکج تیار کر لیا ہے، جس کے تحت صوبے بھر میں کوئی دسترخوان خالی نہیں رہے گا اور کوئی مستحق خود کو تنہا محسوس نہیں کرے گا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں 47 ارب روپے کا رمضان نگہبان پیکج منظور کر لیا گیا ہے، جس کا مقصد رمضان کی برکتیں براہِ راست عوام تک پہنچانا ہے۔اس پیکج کے تحت پنجاب کے 42 لاکھ مستحق خاندانوں، یعنی تقریباً ایک کروڑ افراد کو مالی امداد فراہم کی جائے گی۔

ہر مستحق خاندان کو 10 ہزار روپے دیے جائیں گے تاکہ وہ رمضان المبارک کے دوران بنیادی ضروریات باآسانی پوری کر سکیں۔
اس کے ساتھ ساتھ نگہبان کارڈ اور سی ایم راشن کارڈ متعارف کرائے جا رہے ہیں جن کے ذریعے کیش کے علاوہ اشیائے ضروریہ بھی خریدی جا سکیں گی۔

حکومت نے اس بات کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی اقدامات کیے ہیں کہ امداد کے حصول کے لیے کسی کو دفاتر کے چکر نہ لگانے پڑیں
ضلعی انتظامیہ گھر گھر جا کر نگہبان کارڈ فراہم کرے گی۔

یہ بھی پڑھیں :رمضان المبارک میں مستحق افراد کو کتنی رقم ملے گی؟حکومت نے اعلان کردیا

بینک آف پنجاب کی برانچ لیس بینکنگ، ون لنک نیٹ ورک اے ٹی ایم اور مقررہ دکانداروں کے ذریعے رقم حاصل کی جا سکے گی، نگہبان کارڈ کی ایکٹیویشن کے لیے صوبے بھر میں 136 مراکز قائم کیے گئے ہیں۔

رمضان المبارک کے دوران پنجاب کی ہر تحصیل میں “نگہبان دسترخوان، مریم کے مہمان” کے نام سے کم از کم آٹھ دسترخوان لگائے جائیں گے، جہاں روزانہ دو ہزار روزہ داروں کو افطار فراہم کی جائے گی۔

افطار میں کھجور، سموسہ، دودھ، روح افزا، کیلا اور چکن بریانی شامل ہوگی، ان دسترخوانوں کی نگرانی کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کریں گے جبکہ پنجاب فوڈ اتھارٹی روزانہ کی بنیاد پر معیار چیک کرے گی۔

صوبے کے مختلف اضلاع میں رمضان سہولت بازار قائم کیے جائیں گے، جہاں اشیائے خورونوش مناسب نرخوں پر دستیاب ہوں گی۔ نرخوں، صفائی اور سکیورٹی کی نگرانی کے لیے جدید کیمروں سے لیس صوبائی مانیٹرنگ روم بھی قائم کیا جا رہا ہے۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے واضح ہدایت دی ہے کہ رمضان المبارک میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا جائے تاکہ یہ مقدس مہینہ حقیقی معنوں میں آسانی، رحمت اور برکت کا پیغام لے کر آئے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *