پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف ٹی 20 سیریز کے آخری میچ میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جہاں میزبان ٹیم کے پاس مہمانوں کو وائٹ واش کرنے کا سنہری موقع موجود ہے۔
پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹیم کمبی نیشن پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسپن بولنگ کو ٹیم کی بڑی طاقت قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا ’ہمارے پاس 5 اسپنرز ہیں۔ میرے لیے سب کو بولنگ کرانا مشکل ہے، لیکن اتنے ورلڈ کلاس اسپنرز ہونا ایک لگژری ہے۔ ہم نے زیادہ تر شعبوں میں درست کام کیا ہے اور اسی تسلسل کو برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔ فخر، نفیع اور شاہین واپس آ گئے ہیں‘۔
پاکستان نے آخری میچ کے لیے چند تبدیلیاں کی ہیں، جن میں فخر زمان، خواجہ نفیع اور شاہین شاہ آفریدی کی واپسی شامل ہے، جس سے بیٹنگ اور بولنگ دونوں شعبوں کو تقویت ملی ہے۔
آسٹریلوی کپتان مچل مارش نے کہا کہ ان کی ٹیم سیریز کا اختتام مثبت انداز میں کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’امید ہے آج ہم بہتر جواب دے سکیں گے۔ یہ ہمارے لیے ایک اہم میچ ہے اور ہم سیریز کا اختتام اچھے انداز میں کرنا چاہتے ہیں‘۔
پاکستان کی پلیئنگ الیون میں صائم ایوب، فخر زمان، سلمان علی آغا (کپتان)، بابر اعظم، خواجہ نفیع، شاداب خان، محمد نواز، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور ابرار احمد شامل ہیں۔
آسٹریلیا کی ٹیم مچل مارش (کپتان)، میتھیو شارٹ، کیمرون گرین، میٹ رینشا، مارکس اسٹوئنس، جوش فلپے (وکٹ کیپر)، مچل اوون، کوپر کونولی، بین ڈوارشُوئس، میٹ کوہنی مین اور ایڈم زمپا پر مشتمل ہے۔
پاکستان کی نظریں سیریز میں کلین سویپ پر ہیں، جبکہ آسٹریلیا آخری میچ میں فتح کے ساتھ عزت بچانے کی کوشش کرے گا، جس کے باعث ایک سنسنی خیز مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔