شہباز شریف سے سہیل آفریدی کی اہم ملاقات، وزیراعظم نے صوبائی حکومت سے کیا کہا؟، تفصیل سامنے آگئی

شہباز شریف سے سہیل آفریدی کی اہم ملاقات، وزیراعظم نے صوبائی حکومت سے کیا کہا؟، تفصیل سامنے آگئی

وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف سے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے سوموار کے روز وزیراعظم ہاؤس میں اہم ملاقات کی، جس میں صوبے میں امن و امان کی صورتحال، انسداد دہشتگردی کی کوششوں اور وفاق و صوبے کے درمیان تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے صوبے میں امن و امان کے قیام کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان قریبی تعاون کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’خیبر پختونخوا کو درپیش سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے صوبائی حکومت کو اپنی کوششیں مزید تیز کرنا ہوں گی‘۔ انہوں نے زور دیا کہ صوبائی حکومت انسداد دہشتگردی کے لیے اپنے اداروں کو مزید مضبوط اور مؤثر بنائے۔

یہ بھی پڑھیں:ملکی سیاست میں بڑی پیش رفت، وزیراعظم شہباز شریف سے وزیراعلیٰ کے پی سہیل آفریدی کی اہم ملاقات

وزیراعظم نے کہا کہ ’وفاقی اور صوبائی حکومتیں دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے مشترکہ کاؤشیں جاری رکھیں گی‘۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں امن و امان کا قیام نہ صرف صوبے بلکہ پورے ملک کے استحکام کے لیے انتہائی اہم ہے اور اس ضمن میں صوبائی حکومت کو اپنی آئینی ذمہ داریاں پوری کرنا ہوں گی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے واضح کیا کہ صوبائی حکومت بااختیار ہے اور اسے صحت، تعلیم اور دیگر بنیادی شعبوں میں عوامی فلاح کے لیے مؤثر اقدامات کرنے چاہییں۔ انہوں نے کہا کہ ’خیبر پختونخوا کے عوام کو صحت اور تعلیم کی بہتر سہولیات فراہم کرنا صوبائی حکومت کی اولین ذمہ داری ہے‘۔

وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ’وفاقی حکومت خیبر پختونخوا کے عوام کی بہتری کے لیے ہمیشہ کوشاں رہی ہے اور آئندہ بھی اپنے دائرہ اختیار میں رہتے ہوئے بھرپور تعاون جاری رکھے گی‘۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ ’خیبر پختونخوا وفاق کی ایک اہم اکائی ہے اور صوبے کے عوام کی خوشحالی قومی ترقی سے جڑی ہوئی ہے‘۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت تمام صوبوں کو ساتھ لے کر چلنے اور متوازن و یکساں ترقی کے وژن پر عمل پیرا ہے۔

مزید پڑھیں:ٹی20 ورلڈ کپ میچز کے بائیکاٹ کا فیصلہ، بھارتی میڈیا کا پاکستان کے خلاف نیا پروپیگنڈا شروع

ملاقات میں وزیراعظم نے قومی ترقی اور عوامی خدمت کے لیے وفاق اور صوبوں کے درمیان قریبی روابط اور مؤثر رابطہ کاری کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ’باہمی مشاورت اور اشتراکِ عمل کے ذریعے قومی یکجہتی، استحکام اور خوشحالی کے اہداف کو مؤثر انداز میں حاصل کیا جا سکتا ہے‘۔

سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ ملاقات مرکز اور خیبر پختونخوا کے درمیان رابطوں کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم قرار دی جا رہی ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب صوبہ سیکیورٹی اور انتظامی چیلنجز سے دوچار ہے۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اس ملاقات کے نتائج آنے والے دنوں میں وفاقی و صوبائی تعلقات اور صوبے کی مجموعی حکمرانی پر اثرانداز ہو سکتے ہیں۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *