ٹی20 ورلڈ کپ میچز کے بائیکاٹ کا فیصلہ، بھارتی میڈیا کا پاکستان کے خلاف نیا پروپیگنڈا شروع

ٹی20 ورلڈ کپ میچز کے بائیکاٹ کا فیصلہ، بھارتی میڈیا کا پاکستان کے خلاف نیا پروپیگنڈا شروع

بھارتی میڈیا نے پاکستان کی جانب سے بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کے ممکنہ فیصلے پر ایک بار پھر منفی اور اشتعال انگیز پروپیگنڈا شروع کر دیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ اگر پاکستان نے بھارت کے خلاف میچ کھیلنے سے انکار کیا تو اس پر آئندہ بین الاقوامی ٹورنامنٹس میں شرکت کی پابندی عائد کی جا سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:آسٹریلیا کیساتھ ٹی20 سیریز، پاکستانی ٹیم نے 7 نئے قومی و عالمی ریکارڈ قائم کردیے

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ پاکستان کے اس مؤقف کے حوالے سے آج انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے بورڈ کا ایک اہم ورچوئل اجلاس منعقد ہو رہا ہے، جس میں پاکستان کے ٹورنامنٹ میں کھیلنے یا نہ کھیلنے سے متعلق فیصلہ زیرِ غور آئے گا۔

رپورٹس کے مطابق بھارتی میڈیا نے یہ دعویٰ بھی کیا ہے کہ ’پاکستان کرکٹ بورڈ نے تاحال آئی سی سی کو کسی حتمی فیصلے سے باضابطہ طور پر آگاہ نہیں کیا‘۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اجلاس میں اس بات پر غور کیا جائے گا کہ آیا پاکستان کو ٹورنامنٹ کھیلنے کی اجازت دی جائے یا نہیں۔ رپورٹس میں کہا جا رہا ہے کہ ’بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کی صورت میں پاکستان کو پابندیوں، مالی نقصان اور سفارتی دباؤ کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے‘۔

مزید یہ بھی دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ اگر پاکستان نے اپنا مؤقف برقرار رکھا تو آئی سی سی کے بعض بااثر رکن ممالک پاکستان کے ساتھ مستقبل میں دو طرفہ سیریز کھیلنے سے انکار کر سکتے ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ’یہ اقدام پاکستان کرکٹ کو عالمی سطح پر تنہا کرنے کی کوشش کا حصہ ہو سکتا ہے‘۔

بھارتی رپورٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں غیر ملکی کھلاڑیوں کی شرکت پر سوالات اٹھائے جا سکتے ہیں اور ممکنہ طور پر غیر ملکی کھلاڑیوں پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کی جائے گی۔ اس کے علاوہ بھارتی میڈیا نے یہ دعویٰ بھی کیا ہے کہ ’براڈکاسٹرز کی جانب سے پاکستان کرکٹ بورڈ سے مالی نقصان کے ازالے کا مطالبہ کیا جا سکتا ہے‘۔

مزید پڑھیں:بلوچستان میں فتنہ الہندوستان کے نیٹ ورک کو بڑا دھچکا، 3 روز میں 177 دہشتگرد ہلاک

دوسری جانب کرکٹ حلقوں کا کہنا ہے کہ بھارتی میڈیا کی یہ رپورٹس قیاس آرائیوں اور دباؤ ڈالنے کی کوششوں پر مبنی ہیں، جبکہ آئی سی سی کے قوانین کے مطابق کسی بھی رکن ملک پر یکطرفہ طور پر پابندی عائد کرنا آسان نہیں۔ مبصرین کے مطابق پاکستان ماضی میں بھی سیکیورٹی اور سیاسی بنیادوں پر اپنے مؤقف کا واضح دفاع کرتا رہا ہے۔

کرکٹ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ’یہ معاملہ کھیل سے زیادہ سیاسی رنگ اختیار کرتا جا رہا ہے‘ اور آنے والے دنوں میں آئی سی سی کے فیصلے کا پاکستان اور عالمی کرکٹ پر گہرا اثر پڑ سکتا ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *