کرایوں میں بڑا اضافہ ، عوام کے لیے پریشان کن خبر آگئی

کرایوں میں بڑا اضافہ ، عوام کے لیے پریشان کن خبر آگئی

حکومت کی جانب سے ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کے بعد گڈز ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں 5 فیصد اضافہ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق صدر پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس ملک شہزاد اعوان نے حکومتی پالیسیوں پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بڑھتے ہوئے اخراجات کے باعث یہ فیصلہ ناگزیر ہو چکا ہے،  اگر پالیسیوں پر نظرِ ثانی نہ کی گئی تو پاکستان کا ٹرانسپورٹ نظام رک سکتا ہے۔

ملک شہزاد اعوان کے مطابق گڈز ٹرانسپورٹرز کو کسی قسم کا خاطر خواہ ریلیف فراہم نہیں کیا جا رہا جبکہ سبسڈی بھی انتہائی کم ہے،  ایک ٹریلر کے ایک چکر کے اخراجات میں تقریباً 2 لاکھ روپے کا اضافہ ہو چکا ہے، اسی لیے گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 5 فیصد اضافہ ناگزیر ہو گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک ماہ میں ٹرک اور ٹریلرز اوسطاً چار ٹرپ کرتے ہیں، جس کے نتیجے میں اخراجات میں 8 لاکھ روپے تک اضافہ ہو رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ٹول ٹیکس، ود ہولڈنگ ٹیکس، موٹروے اور ٹریفک پولیس کے چالان ختم کیے جائیں، ان کے مطابق غلط حکومتی پالیسیوں کے باعث ہزاروں ٹرانسپورٹرز اپنی گاڑیاں کھڑی کرنے پر مجبور ہو چکے ہیں،  پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے لیکن گڈز ٹرانسپورٹرز کو کسی قسم کا ریلیف نہیں دیا جا رہا۔

 یہ بھی پڑھیں :پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں اضافہ، نوٹیفکیشن جاری

  انہوں نے ایک بار پھر حکومت سے مطالبہ کیا کہ پالیسیوں پر فوری نظرِ ثانی کی جائے، بصورت دیگر پاکستان کا ٹرانسپورٹ نظام مکمل طور پر مفلوج ہو سکتا ہے۔

واضح رہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کردیا گیا، پیٹرولیم ڈویژن نے نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا، نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 6 روپے 51 پیسے کا اضافہ کیا گیا، جس کے بعد نئی قیمت 399 روپے 86 پیسے فی لیٹر ہوگئی۔

ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 19 روپے 39 پیسے کا اضافہ ہوا ہے، نئی قیمت 399 روپے 58 پیسے فی لیٹر مقرر کردی گئی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول پر فی لیٹر لیوی 3 روپے 88 پیسے کم کردی گئی، ڈیزل پر فی لیٹر 28 روپے 69 پیسے لیوی عائد کی گئی ہے، ڈیزل پر پہلے لیوی صفر تھی۔

editor

Related Articles