حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے جس کا باضابطہ نوٹیفکیشن پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری کر دیا گیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 6 روپے 51 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد فی لیٹر پیٹرول کی نئی قیمت 399 روپے 86 پیسے مقرر کر دی گئی ہے۔ اسی طرح، ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 19 روپے 39 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد نئی قیمت 399 روپے 58 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔
حکام کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا، جس کے بعد عوام کو پیٹرول اور ڈیزل کی خریداری پر مزید اضافی قیمتوں کا سامنا ہوگا۔ قیمتوں میں اس اضافے سے مہنگائی میں مزید اضافہ ہونے کا خدشہ ہے، اور ٹرانسپورٹ اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر بھی اس کا براہ راست اثر پڑنے کا امکان ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پٹرولیم مصنوعات کے مزید دو بحری جہاز کراچی پہنچ گئے ،بڑا ریلیف ملنے کا امکان
دوسری جانب پیٹرولیم ڈویژن نے یکم مئی سے پیٹرول پمپس کی بندش سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی بلا تعطل جاری رہے گی۔
ترجمان پیٹرولیم ڈویژن نے عوام سے اپیل کی ہے کہ گمراہ کن افواہوں سے بچا جائے اور منفی پروپیگنڈے کے ذریعے بے چینی پھیلانے سے گریز کیا جائے۔
حکام کا کہنا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی اور جنگ کے آغاز کے باوجود پاکستان میں پیٹرولیم سپلائی مسلسل برقرار رکھی گئی ہے اور آئندہ بھی اس کا تسلسل یقینی بنایا جائے گا۔

