برطانیہ میں ایک دلچسپ ملازمت کا اشتہار سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بن گیا ہے، جہاں ایک امیر خاندان اپنے گھر اور دو کتوں کی دیکھ بھال کے لیے فل ٹائم ملازم کی تلاش کر رہا ہے، جس کے عوض سالانہ تقریباً 50 ہزار پاؤنڈ یعنی پاکستانی کرنسی میں لگ بھگ 1 کروڑ 89 لاکھ روپے تک تنخواہ دی جائے گی۔
میڈیارپورٹس کے مطابق یہ ملازمت برطانیہ کی کاؤنٹی سرے کے علاقے چوبہم میں رہنے والے ایک ’’دوستانہ اور سادہ مزاج‘‘ خاندان کے لیے ہے، جو اپنے روزمرہ گھریلو معاملات سنبھالنے کے لیے ایک قابلِ اعتماد ہاؤس کیپر کی خدمات حاصل کرنا چاہتا ہے۔
ملازمت کی ذمہ داریوں میں گھر کی صفائی ستھرائی اور انتظامی امور کے ساتھ خاندان کے دو کتوں کی مکمل دیکھ بھال بھی شامل ہوگی۔ ملازم کو کتوں کو روزانہ گھمانا، انہیں کھانا دینا اور ان کی روزمرہ ضروریات کا خیال رکھنا ہوگا۔
اشتہار کے مطابق امیدوار کو ہفتے میں 40 گھنٹے، پیر سے جمعہ تک کام کرنا ہوگا، تاہم خاندان کی ضروریات کے مطابق اوقات کار میں لچک بھی درکار ہوگی۔یہ نوکری ستمبر 2026 سے شروع کی جائے گی جبکہ تنخواہ امیدوار کے تجربے اور مہارت کے مطابق 45 ہزار سے 50 ہزار پاؤنڈ سالانہ مقرر کی گئی ہے۔
خاندان کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ وہ ایسے شخص کی تلاش میں ہیں جو خود مختار انداز میں کام کر سکے، روزمرہ گھریلو ذمہ داریوں کو بخوبی سنبھال سکے اور گھر کے معاملات کو منظم رکھنے کی صلاحیت رکھتا ہو۔
سوشل میڈیا پر اس ملازمت کے اشتہار نے صارفین کی توجہ حاصل کر لی ہے، جہاں کئی افراد اس تنخواہ کو خوابوں کی نوکری قرار دے رہے ہیں، جبکہ کچھ صارفین نے مذاقاً کہا کہ اتنی تنخواہ پر لوگ کتوں کے ساتھ دوستی بھی کر لیں گے۔