بنگلہ دیش میں عیدالاضحیٰ سے قبل ایک دیو ہیکل بھینسا عوام کی توجہ کا مرکز بن گیا ہے، جس کا وزن تقریباً 700 کلوگرام بتایا جا رہا ہے اور اسے مزاحیہ انداز میں ’’ڈونلڈ ٹرمپ‘‘کا نام دیا گیا ہے۔ یہ منفرد جانور نریان گنج کے مویشی منڈی میں آنے والے خریداروں اور سیاحوں کے لیے خاص کشش بن چکا ہے۔
مقامی زرائع کے مطابق اس بھینسے کی پرورش نہایت منظم طریقے سے کی گئی ہے۔ فارم مالکان کا کہنا ہے کہ اسے مکئی، سویا بین اور چوکر پرمشتمل متوازن خوراک دی جاتی رہی، جس کی وجہ سے اس کا وزن غیر معمولی حد تک بڑھ گیا اور یہ اس سال کی عید مویشی منڈی کا نمایاں مرکز بن گیا۔
منڈی میں آنے والے افراد بڑی تعداد میں اس دیو ہیکل بھینسے کو دیکھنے کے لیے پہنچ رہے ہیں، جبکہ کئی لوگ اس کے ساتھ تصاویر اور ویڈیوز بنا کر سوشل میڈیا پر شیئر کر رہے ہیں۔ جانور کی غیر معمولی جسامت اور منفرد نام نے اسے وائرل کر دیا ہے۔
سوشل میڈیا صارفین بھی اس منظر پر دلچسپ ردعمل دے رہے ہیں، جہاں کچھ لوگ اس کے حجم پر حیرت کا اظہار کر رہے ہیں تو کچھ مزاحیہ انداز میں اس کے نام پر تبصرے کر رہے ہیں۔عیدالاضحیٰ کے قریب آتے ہی اس طرح کے بڑے اور منفرد جانور مویشی منڈیوں کی رونق بڑھا دیتے ہیں، تاہم یہ بھینسا اس سال خاص طور پر اپنی جسامت اور شہرت کے باعث سب سے زیادہ زیر بحث ہے۔