امریکی ریاست میری لینڈ میں ایک خاتون کے لیے ایک پرانی اور بظاہر غیر اہم گاڑی خوش قسمتی کا باعث بن گئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق خاتون اپنے شوہر کی ایک پرانی گاڑی کو ہمیشہ غیر ضروری اور خراب حالت میں سمجھتی تھیں اور کئی بار اسے گھر سے ہٹانے کا بھی کہہ چکی تھیں۔
ایک دن اتفاق سے ان کی نظر اسی گاڑی کی نمبر پلیٹ پر درج نمبروں پر پڑی، جس کے بعد انہوں نے انہی نمبروں کو بنیاد بنا کر لاٹری کھیلنے کا فیصلہ کیا۔خاتون نے بتایا کہ انہوں نے ایک سال سے زائد عرصے تک انہی نمبروں کے ساتھ “پِک 5” لاٹری میں قسمت آزمائی جاری رکھی۔
آخرکار قسمت ان پر مہربان ہوگئی اور وہ 50 ہزار امریکی ڈالر کا انعام جیتنے میں کامیاب ہو گئیں۔ان کا کہنا ہے کہ یہ رقم وہ گھریلو اخراجات پورے کرنے اور اپنے پوتے پوتیوں کی ضروریات پر خرچ کریں گی۔یہ واقعہ سوشل میڈیا پر بھی دلچسپی کا باعث بنا ہوا ہے جہاں لوگ اسے اتفاق اور قسمت کا دلچسپ کھیل قرار دے رہے ہیں۔