پاکستان میں برطانیہ کی ہائی کمشنر جین میریٹ نے کہا ہے کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دوطرفہ تجارت گزشتہ سال 6 ارب ڈالر سے بڑھ کر اب تک کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔
برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے کہا کہ پاکستان سفارتی، اقتصادی اور اسٹریٹجک شراکت داریوں کو مزید مستحکم بنانے کے لیے عالمی سطح پر فعال روابط کو فروغ دے رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات میں استحکام، معاشی اور اسٹریٹجک تعاون کے نئے دور کا آغاز ہو چکا ہے۔
جین میریٹ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور برطانوی قومی سلامتی کے مشیر جوناتھن پاول کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، جس میں دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ملاقات میں سیکیورٹی، تجارت، سرمایہ کاری اور ترقیاتی تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا، جبکہ برطانیہ نے پاکستان کے اصلاحاتی ایجنڈے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
برطانوی ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے معاشی تعلقات مضبوط ہیں اور برطانیہ یورپ میں پاکستان کا اہم ترین اقتصادی شراکت دار ہے۔