ٹریفک پولیس پنجاب نے شہریوں کی سہولت کے لیے ڈرائیونگ لائسنس سے متعلق اہم پیش رفت کا اعلان کر دیا ہے جس کے تحت اب شہریوں کے لیے ڈرائیونگ لائسنس کا فزیکل کارڈ ہر وقت ساتھ رکھنا ضروری نہیں ہوگا۔ شہری اب اپنے موبائل فون پر موجود ای ڈرائیونگ لائسنس استعمال کر سکیں گے جسے درست اور قابلِ قبول ڈرائیونگ لائسنس تصور کیا جائے گا۔
ٹریفک پولیس پنجاب کے مطابق ای ڈرائیونگ لائسنس، ڈرائیونگ لائسنس انفارمیشن مینجمنٹ سسٹم یعنی DLIMS کے ذریعے دستیاب ہوگا۔ اس سہولت کا مقصد شہریوں کو آسانی فراہم کرنا، کاغذی کارروائی میں کمی لانا اور ٹریفک نظام کو جدید ڈیجیٹل سہولیات سے ہم آہنگ کرنا ہے۔
حکام کے مطابق شہری اپنا ای ڈرائیونگ لائسنس موبائل فون پر دکھا سکتے ہیں۔ اگر کوئی شخص، ادارہ یا متعلقہ اہلکار ای ڈرائیونگ لائسنس قبول کرنے سے انکار کرے تو شہری اس خلاف ورزی کی شکایت درج کروا سکتے ہیں۔
شکایت کے لیے شہری واٹس ایپ نمبر 03184642936 یا ہیلپ لائن 1787 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔ ٹریفک پولیس پنجاب نے واضح کیا ہے کہ ای ڈرائیونگ لائسنس ایک درست الیکٹرانک ڈرائیونگ لائسنس ہے اور اسے قبول نہ کرنا شہریوں کے لیے غیر ضروری مشکلات پیدا کرنے کے مترادف ہوگا۔
ای ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے کے لیے شہری درج ذیل ویب سائٹ وزٹ کر سکتے ہیں:
https://dlims.punjab.gov.pk/elicense
ٹریفک پولیس پنجاب کا کہنا ہے کہ شہریوں کو چاہیے کہ وہ اس سہولت سے فائدہ اٹھائیں اور اپنے لائسنس کی معلومات ڈیجیٹل شکل میں محفوظ رکھیں تاکہ دورانِ سفر کسی بھی پریشانی سے بچا جا سکے۔