لیسکو نے خراب اور جل جانے والے سنگل فیز میٹروں سے متعلق پالیسی تبدیل کرلی

لیسکو نے خراب اور جل جانے والے سنگل فیز میٹروں سے متعلق پالیسی تبدیل کرلی

لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے خراب اور جل جانے والے سنگل فیز میٹروں کی تبدیلی سے متعلق اپنی پالیسی میں اہم تبدیلی کر دی ہے، نئی ہدایت کے مطابق اب ایسے میٹروں کی جگہ جدید اے ایم آئی سمارٹ میٹروں کے بجائے عام سٹیٹک میٹرز نصب کیے جائیں گے۔

نجی ٹی وی کے مطابق یہ فیصلہ ابتدائی طور پر ان کیسز پر لاگو ہوگا جن میں میٹروں کو ڈیفیکٹو کوڈ کی بنیاد پر خراب قرار دیا جاتا ہے، اس سے قبل ان میٹروں کی جگہ سمارٹ ٹیکنالوجی پر مبنی میٹر نصب کیے جاتے تھے، تاہم اب اس عمل میں تبدیلی لائی گئی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ سمارٹ میٹروں کی نسبت زیادہ قیمت کے باعث ادارے نے لاگت میں کمی کے لیے یہ قدم اٹھایا ہے، اسی وجہ سے اب صرف مخصوص اور ضروری صورتحال میں ہی اے ایم آئی سمارٹ میٹرز لگائے جائیں گے، جبکہ عمومی طور پر خراب یا جلنے والے میٹروں کی جگہ سادہ سٹیٹک میٹرز نصب کیے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں :نئے بجلی میٹرز کی تبدیلی سے متعلق اہم خبر

نئی پالیسی کے مطابق ڈیفیکٹو قرار دیے گئے میٹروں کی تبدیلی صارفین کے لیے بغیر کسی اضافی فیس کے ہوگی، تاہم نئے بجلی کنکشن کے لیے اے ایم آئی سمارٹ میٹر کی تنصیب کو بدستور لازمی قرار دیا گیا ہے، جس کے باعث نئے صارفین کو اس کی مقررہ فیس ادا کرنا ہوگی۔

ذرائع کے مطابق سمارٹ میٹر کی قیمت نسبتاً زیادہ ہونے کی وجہ سے عام صارفین پر مالی بوجھ بڑھتا ہے، اسی فرق کو مدنظر رکھتے ہوئے پرانے اور خراب میٹروں کی تبدیلی میں سستا متبادل اختیار کیا جا رہا ہے۔

یہ فیصلہ وقتی طور پر ادارے کے مالی دباؤ میں کمی لا سکتا ہے، تاہم طویل مدت میں جدید اسمارٹ میٹرنگ نظام کی مکمل منتقلی کی رفتار متاثر ہونے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔

editor

Related Articles