سندھ ہائیکورٹ اور ماتحت عدالتوں میں موسمِ گرما کی تعطیلات شروع

سندھ ہائیکورٹ اور ماتحت عدالتوں میں موسمِ گرما کی تعطیلات شروع

سندھ ہائیکورٹ اور صوبے بھر کی ماتحت عدالتوں میں آج سے موسمِ گرما کی تعطیلات کا آغاز ہو گیا ہے تاہم اس دوران انتہائی اہم اور فوری نوعیت کے مقدمات کی سماعت کے لیے خصوصی بینچز تشکیل دے دیے گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ اور صوبے بھر کی ماتحت عدالتوں میں آج سے 2 اگست تک موسمِ گرما کی تعطیلات کا باقاعدہ آغاز ہو گیا۔ تعطیلات کے دوران انتہائی اہم اور فوری نوعیت کے مقدمات کی سماعت کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی بینچز قائم کیے گئے ہیں۔

رجسٹرار سندھ ہائیکورٹ نے تعطیلات کے دوران عدالتوں کے نئے اوقاتِ کار سے متعلق سرکلر بھی جاری کر دیا ہے۔ رجسٹرار کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق تعطیلات کے دوران خصوصی بینچز روزانہ صبح ساڑھے 9 بجے سے دوپہر 1 بجے تک مقدمات کی سماعت کریں گے، جبکہ عدالتوں کے انتظامی اور دفتری اوقات صبح 9 بجے سے دوپہر 3 بجے تک ہوں گے۔

سندھ ہائیکورٹ کے پرنسپل سیٹ کراچی کے علاوہ حیدرآباد، لاڑکانہ اور سکھر سرکٹ بینچز کے لیے بھی خصوصی بینچز قائم کیے گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: منشیات اور قتل کیس ، انمول عرف پنکی کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا

اہم آئینی امور اور پٹیشنز کی سماعت کے لیے جسٹس سلیم جیسر کی سربراہی میں دو رکنی آئینی بینچ تشکیل دیا گیا ہے، جبکہ دیگر اہم اور فوری نوعیت کے ریگولر کیسز کے لیے جسٹس ارشد حسین خان کی سربراہی میں دو رکنی بینچ قائم کیا گیا ہے۔

جسٹس عمر سیال اور جسٹس یوسف علی سعید الگ الگ سنگل بینچز میں ارجنٹ کیسز کی سماعت کر رہے ہیں۔

موسمِ گرما کی دو ماہ کی تعطیلات کے دوران عام مقدمات کی سماعت ملتوی رہے گی، تاہم شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ضمانتوں، حکمِ امتناع اور دیگر ہنگامی نوعیت کی درخواستوں پر خصوصی بینچز روزانہ کی بنیاد پر کارروائی جاری رکھیں گے۔

Related Articles