پنجاب بھر میں یکم جولائی سے سرکاری دفاتر مکمل پیپر لیس کرنے کا حکم

پنجاب بھر میں یکم جولائی سے سرکاری دفاتر مکمل پیپر لیس کرنے کا حکم

پنجاب بھر کے تمام اضلاع میں یکم جولائی سے سرکاری دفاتر کو مکمل طور پر پیپر لیس کرنے کی حتمی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے صوبے میں ای گورننس کے فروغ اور جدید طرزِ عمل کو اپنانے کے لیے ایک بڑا اور انقلابی اقدام اٹھایا ہے۔ اس سلسلے میں سول سیکرٹریٹ لاہور میں چیف سیکرٹری پنجاب کی زیرِ صدارت صوبائی سیکرٹریز کی اہم کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں صوبے بھر کے تمام اضلاع کے سرکاری دفاتر کو مکمل طور پر پیپر لیس کرنے کی حتمی ہدایات جاری کی گئیں۔

چیف سیکرٹری پنجاب نے تمام صوبائی سیکرٹریز کو حکم دیا کہ صوبے کے تمام سرکاری محکموں اور فیلڈ دفاتر کو فوری طور پر ’’ ای فائلنگ اینڈ آفس آٹومیشن سسٹم‘‘ سے منسلک کیا جائے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ مالی سال کے آغاز، یعنی یکم جولائی سے تمام فیلڈ دفاتر اپنی تمام سرکاری خط و کتابت اور دفتری امور صرف اور صرف “ای فاس” کے ذریعے انجام دینے کے قانونی طور پر پابند ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں بلیو مون کا نظارہ آج رات ہو گا، آسمان پرمنفرد منظر کب دیکھا جاے گا؟

سیکرٹریز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری پنجاب نے کہا کہ روایتی فائل سسٹم کا خاتمہ اور ڈیجیٹل ای فاس سسٹم کا نفاذ حکومت پنجاب کے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں اٹھائے گئے اقدامات کی کامیابی کی روشن مثال ہے۔

انہوں نے کہا کہ پرانے دفتری اور فائل سسٹم کو ختم کر کے ڈیجیٹلائزیشن کی طرف بڑھنے سے سرکاری خزانے کو سالانہ اربوں روپے کی بچت ہو رہی ہے۔ ان کے مطابق پیپر لیس سسٹم سے نہ صرف کاغذ، سٹیشنری اور پرنٹنگ کے اخراجات ختم ہوں گے بلکہ دفتری امور کی رفتار اور شفافیت میں بھی نمایاں اضافہ ہوگا۔

چیف سیکرٹری پنجاب نے تمام محکموں کو سخت ہدایت کی کہ وہ یکم جولائی سے قبل اپنے ملازمین کی تکنیکی تربیت اور ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کی تیاری مکمل کریں۔

Related Articles