18 سال بعد عاطف اسلم کا نیا میوزک البم، صبح آئے نہ کا اعلان

18 سال بعد عاطف اسلم کا نیا میوزک البم، صبح آئے نہ کا اعلان

پاکستان کے معروف گلوکار عاطف اسلم نے تقریباً 18 سال بعد اپنے چوتھے اسٹوڈیو البم ’’صبح آئے نہ ‘‘کا اعلان کر دیا ہے، جس پر مداحوں نے خوشی کا اظہار کیا ہے۔

عاطف اسلم نے انسٹاگرام پر البم کا آفیشل کور شیئر کرتے ہوئے اس میں شامل 8 گانوں کی فہرست بھی جاری کی۔ البم کے ٹریکس میں صبح آئے نہ، سفر میں ہوں، عشق، لیٹس ہیو سم فن، سن سجنہ، ہوں عشق میں، چار یار اور سچے وعدے شامل ہیں۔

یہ البم عاطف اسلم کے 2008 میں ریلیز ہونے والے مشہور البم ’’میری کہانی‘‘ کے بعد ان کا پہلا مکمل اسٹوڈیو البم ہے۔ میری کہانی میں تیرے بن، کون تھا، کنارا اور ٹائٹل ٹریک جیسے مقبول گانے شامل تھے۔

یہ بھی پڑھیں:جینیفر ونگٹ نے دوسری شادی کر لی؟ وائرل خبروں کی حقیقت کیا ہے؟

اس سے قبل عاطف اسلم نے ’’دوری‘‘ (2006) کے ذریعے کچھ اس طرح اور ماہی وے جیسے یادگار گانے دیے، جبکہ ان کا پہلا سولو البم ’’جل پری‘‘ (2004) انہیں شہرت کی بلندیوں پر لے گیا۔ اس البم کے عادت، بھیگی یادیں اور وہ لمحے آج بھی مداحوں میں بے حد مقبول ہیں۔

گزشتہ دو دہائیوں کے دوران عاطف اسلم نے پاکستان اور بھارت کی متعدد فلموں کے لیے اپنی آواز دی اور تیرا ہونے لگا ہوں، پہلی نظر میں، جینا جینا، دل دیاں گلاں، تو جانے نا، او ساتھی اور میں رنگ شربتوں کا جیسے سپر ہٹ گانوں سے اپنی منفرد پہچان قائم رکھی۔

یہ بھی پڑھیں:سلمان خان نے صحت سے متعلق افواہوں پر خاموشی توڑ دی

فلمی موسیقی کے علاوہ عاطف اسلم کوک اسٹوڈیو میں بھی اپنی پرفارمنس سے مداحوں کو متاثر کر چکے ہیں، جبکہ وہ بین الاقوامی موسیقاروں کے ساتھ اشتراک اور عالمی کنسرٹس کے ذریعے بھی سرگرم رہے ہیں۔

حال ہی میں عاطف اسلم نے برطانوی آذربائیجانی موسیقار سامی یوسف کے ساتھ گانا ’تو ہی میرا رازداں‘ بھی پیش کیا، جسے ابوظبی کے اتحاد ایرینا میں لائیو ریکارڈ کیا گیا تھا۔

عاطف اسلم کے نئے البم “صبح آئے نہ” کے اعلان کے بعد سوشل میڈیا پر مداحوں نے بھرپور جوش و خروش کا اظہار کیا ہے۔ 18 سال بعد آنے والا یہ البم ان کے مداحوں کے لیے نئی اوریجنل موسیقی کا ایک منفرد تحفہ قرار دیا جا رہا ہے۔

editor

Related Articles