موبائل صارفین کے لیے بری خبر، کال اور انٹرنیٹ پیکجز کی قیمتوں میں بڑا اضافہ

موبائل صارفین کے لیے بری خبر، کال اور انٹرنیٹ پیکجز کی قیمتوں میں بڑا اضافہ

پاکستان کی بڑی موبائل فون کمپنیوں جاز، زونگ، یوفون اور ٹیلی نار نے گزشتہ ایک سال کے دوران اپنے متعدد کال اور ڈیٹا پیکجز کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے، جبکہ بعض پیکجز کی قیمت میں 33 فیصد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے اپنی ویب سائٹ پر چاروں موبائل آپریٹرز کے مقبول ترین 15 ہائبرڈ (کال اور ڈیٹا) اور ڈیٹا اونلی پیکجز کی تازہ ترین قیمتوں اور نرخوں کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کا پہلا اے آئی پر مبنی سرکاری نظام لانچ کر دیا

پی ٹی اے کے مطابق بعض ماہانہ ہائبرڈ پیکجز کی قیمت میں 500 روپے تک اضافہ ہوا ہے، جبکہ 15 روزہ ہائبرڈ پیکجز 300 روپے تک مہنگے ہو گئے ہیں۔

اسی طرح ہفتہ وار ہائبرڈ پیکجز کی قیمت میں 130 روپے تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ تین روزہ پیکجز 21 روپے، دو روزہ پیکجز 20 روپے اور ایک روزہ ہائبرڈ پیکجز 5 روپے تک مہنگے ہوئے ہیں۔

پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ صارفین کی آگاہی اور ٹیرف میں شفافیت کے فروغ کے لیے ادارے نے اپنی سرکاری ویب سائٹ کے کنزیومر اویئرنیس سیکشن کو مزید بہتر بنایا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:مفت چینی اے آئی نے امریکی ٹیک کمپنیوں کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی

ادارے کے مطابق اب صارفین جاز، زونگ، یوفون اور ٹیلی نار کے مقبول پیکجز کی موجودہ قیمتیں، سہ ماہی قیمتوں کا ریکارڈ، سالانہ اضافے کی شرح، پیکج کی مدت اور اس میں شامل سہولیات ایک ہی جگہ آسانی سے دیکھ سکیں گے۔

پی ٹی اے نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد صارفین کو مختلف کمپنیوں کے پیکجز کا تقابلی جائزہ لینے اور اپنی ضرورت کے مطابق بہتر انتخاب کرنے میں مدد فراہم کرنا ہے۔

اتھارٹی نے صارفین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ تازہ ترین قیمتوں اور پیکجز کی معلومات کے لیے باقاعدگی سے پی ٹی اے اور متعلقہ موبائل کمپنیوں کی ویب سائٹس کا وزٹ کریں۔پی ٹی اے کے مطابق یہ اقدام ٹیلی کام شعبے میں شفافیت بڑھانے اور صارفین کے مفادات کے تحفظ کے لیے کیا گیا ہے۔

editor

Related Articles