آسکر ایوارڈ یافتہ ہالی ووڈ اداکارہ جیسیکا چیستین ایک بار پھر ہارر فلموں کی دنیا میں واپسی کر رہی ہیں۔ ان کی نئی فلم ’’ ادر ممی‘‘ کا پہلا آفیشل ٹریلر جاری کر دیا گیا ہے، جس نے ریلیز ہوتے ہی ہارر فلموں کے شائقین کی توجہ اپنی جانب مبذول کر لی۔
یونیورسل پکچرز کی جانب سے جاری کیے گئے ٹریلر کا آغاز ایک پراسرار منظر سے ہوتا ہے، جہاں ایک خوفناک وجود 8 سالہ بچی بیلا سے پوچھتا ہے، ’’کیا میں تمہارے دل کے اندر آ سکتی ہوں؟‘‘یہی مکالمہ فلم کے پراسرار اور خوفناک ماحول کی بنیاد رکھتا ہے۔
فلم میں جیسیکا چیستین نے ارسولا نامی خاتون کا کردار ادا کیا ہے، لیکن کہانی اس وقت خوفناک رخ اختیار کر لیتی ہے جب ارسولا کی ایک پراسرار اور شیطانی ہم شکل، ’’ادر ممی‘‘، بیلا کی زندگی میں داخل ہو جاتی ہے۔
کہانی آگے بڑھنے کے ساتھ بیلا اس الجھن کا شکار ہو جاتی ہے کہ اس کے سامنے موجود عورت اس کی حقیقی ماں ہے یا اس کی خوفناک نقل۔ یہی نفسیاتی کشمکش فلم کو روایتی ہارر کہانیوں سے منفرد بناتی ہے۔
فلم کی کہانی ایک ایسے خاندان کے گرد گھومتی ہے جہاں والدین کے درمیان تعلقات کشیدہ ہیں۔ ایک دن بیلا کی الماری سے ایک پراسرار مخلوق ظاہر ہوتی ہے، جسے وہ ’’ادر ممی‘‘ کا نام دیتی ہے۔ ابتدا میں یہ صرف بیلا کے لیے ایک معمہ ہوتی ہے، مگر جلد ہی اس کا خوف پورے خاندان کو اپنی لپیٹ میں لے لیتا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ فلم کا پہلا ٹریلر ابتدائی طور پر کرسٹوفر نولان کی آنے والی فلم ’’ دی اوڈیسی ‘‘کی سنیما اسکریننگ کے دوران دکھایا گیا تھا، جس کے بعد اب اسے دنیا بھر کے شائقین کے لیے آن لائن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
’’ادر ممی‘‘معروف ناول ’’گھر کے اردگرد پیش آنے والے واقعات‘‘(Incidents Around the House) پر مبنی ہے۔ فلم کی ہدایت کاری روب سیویج نے کی ہے، جو اس سے قبل ہوسٹ اور ’’ دی بوگی مین جیسی ہارر فلموں کی ہدایت کاری کر چکے ہیں، جبکہ اس کا اسکرین پلے نیتھن ایلیسن نے تحریر کیا ہے۔
فلم کی دیگر کاسٹ میں جے ڈوپلاس، ڈیچن لاچمین، آریان معید اور کیرن ایلن شامل ہیں، جبکہ اسے معروف فلم ساز جیمز وان نے اٹامیک مانسٹر اور بلم ہاوس کے اشتراک سے پروڈیوس کیا ہے۔
جیسیکا چیستین اس سے قبل کرمسن پیک،ماما ،ٹیک شلٹر اور آئی ٹی چیپٹر ٹوجیسی کامیاب ہارر فلموں میں اپنی اداکاری سے شائقین کو متاثر کر چکی ہیں، اور ناقدین کی نظر میں’’ ادر ممی ‘‘ان کی ہارر صنف میں ایک اور مضبوط واپسی ثابت ہو سکتی ہے۔خوف، سنسنی اور نفسیاتی دہشت سے بھرپور ’’ ادر ممی ‘‘ دنیا بھر کے سینما گھروں میں 9 اکتوبر کو ریلیز کی جائے گی۔