ٹیکنالوجی کمپنی گوگل نے صارفین کی پرائیویسی کو مزید بہتر بنانے کے لیے گوگل کروم کے اینڈرائیڈ ورژن میں ایک اہم نیا فیچر متعارف کرا دیا ہے، جس کے تحت اب صارفین اپنی بالکل درست لوکیشن کے بجائے ’’تقریباً درست لوکیشن‘‘ شیئر کر سکیں گے۔
اس نئے فیچر کے بعد ویب سائٹس کو صارف کی گھر، گلی یا مخصوص مقام کی مکمل تفصیلات تک رسائی نہیں ملے گی، بلکہ صرف اندازاً لوکیشن فراہم کی جائے گی جو زیادہ تر ویب سروسز کے لیے کافی ہوتی ہے۔
اس سے قبل گوگل کروم اکثر صارفین سے’پریسائز لوکیشن‘ یعنی انتہائی درست مقام کی اجازت طلب کرتا تھا، جس پر ماہرین نے کئی بار تشویش کا اظہار کیا تھا کہ یہ عمل پرائیویسی کے لیے خطرہ بن سکتا ہے۔
نئے اپڈیٹ کے تحت صارفین کو مکمل اختیار حاصل ہوگا کہ وہ جب چاہیں اپنی درست لوکیشن شیئر کریں، خاص طور پر ایسی سروسز کے لیے جیسے میپس، رائیڈ ہیلنگ ایپس یا دیگر لوکیشن بیسڈ پلیٹ فارمز جہاں درست مقام ضروری ہوتا ہے۔
میڈیارپورٹس کے مطابق گوگل جلد ایک نیا اے پی آئی بھی متعارف کرانے جا رہی ہے، جس کے ذریعے ویب ڈویلپرز یہ واضح کر سکیں گے کہ انہیں صارف کی صرف اندازاً لوکیشن چاہیے یا مکمل درست مقام۔
ماہرین کے مطابق یہ اقدام آن لائن پرائیویسی کے میدان میں ایک اہم پیش رفت ہے، جس سے صارفین کو اپنی ذاتی معلومات پر زیادہ کنٹرول حاصل ہوگا اور ڈیٹا کے غلط استعمال کے خدشات بھی کم ہوں گے۔