پاکستان میں توانائی کے شعبے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں ایک مقامی کمپنی نے جدید ٹیکنالوجی سے لیس میڈ اِن پاکستان لیتھیم آئن بیٹریاں متعارف کرا دی ہیں۔ اس پیش رفت کی باقاعدہ اطلاع پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو بھی ارسال کر دی گئی ہے۔
کمپنی کی جانب سے جاری کردہ خط کے مطابق یہ نئی لیتھیم آئن بیٹریاں خاص طور پر رہائشی توانائی کے حل کے لیے تیار کی گئی ہیں اور انہیں روف ٹاپ سولر سسٹمز میں استعمال کیا جائے گا۔ ان بیٹریوں کو جدید ٹیکنالوجی سے لیس قرار دیا گیا ہے جو توانائی کے ذخیرے اور استعمال کو زیادہ مؤثر بنائے گی۔
اعلامیے میں مزید بتایا گیا ہے کہ یہ نئی لیتھیم بیٹریاں روایتی لیڈ ایسڈ بیٹریوں کا متبادل ہوں گی اور زیادہ توانائی فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ کمپنی کے مطابق یہ سسٹم ہائبرڈ انورٹرز اور انرجی مینجمنٹ سسٹم کے ساتھ مل کر کام کرے گا، جس سے توانائی کے استعمال میں بہتری آئے گی۔
ماہرین کے مطابق پاکستان میں مقامی سطح پر لیتھیم آئن بیٹریوں کی تیاری توانائی کے شعبے میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہو سکتی ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب سولر انرجی کی مانگ میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔