وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کی قیادت میں پی ٹی آئی کارکنان اسلام آباد کی جانب رواں ہیں اور قافلے میں عمران خان کی اہلیہ بشری بی بی بھی شامل ہیں۔
بشریٰ بی بی نے تحریک انصاف کے کارکنوں سے اپنے پہلے خطاب میں کہا کہ تمام کارکنان متحد رہیں اور اپنی اپنی سواریوں پ جلدی بیٹھیں، ہمیں تیز پہنچنا ہے وقت ضایع نہیں کرنا ۔
انہوں نے کہا کہ تمام کارکنان جلدی کریں ، تحریک انصاف کی کامیابی کے لیے کارکنوں کا اتحاد ضروری ہے اور ہم خان کی رہائی کے بغیر واپس نہیں آئیں گے۔
قبل ازیں صوابی میں کارکنان سے خطاب میں علی امین گنڈا پور کا کہنا ہے کہ ’بھائیوں منظم ہو کر جانا ہے اور اپنی ساری طاقت راستہ کھولنے میں لگانی ہے۔‘
احتجاج کے دوران کسی کی بات پر کان نہ دھریں ، شوکت یوسفزئی
تحریک انصاف کے رہنما شوکت یوسفزئی نے کارکنان کو واضح ہدایت دی ہے کہ احتجاج کے دوران کسی کی بات پر کان نہ دھریں اور صرف پارٹی قیادت کی ہدایات پر عمل کریں۔
انہوں نے کارکنان کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی قسم کی افواہوں یا گمراہ کن اطلاعات سے بچیں اور پارٹی کے جاری کردہ لائحہ عمل پر سختی سے کاربند رہیں، متحد اور منظم رہنے سے ہی احتجاج کامیاب ہوگا۔
دوسری جانب اسلام آباد کے داخلی راستوں پر کئی مقامات پر مظاہرین اور پولیس کے مابین جھڑپوں کی اطلاعات ہیں اور مجموعی طور پر اب تک پی ٹی آئی کے 300 سے زیادہ کارکنوں کو حراست لیا گیا ہے۔
اسلام آباد کی انتظامیہ کے مطابق پی ٹی آئی کے احتجاج کے پیشِ نظر فیض آباد انٹرچینج پر رینجرز کو تعینات کیا گیا ہے۔