ماہرِ معیشت ڈاکٹر خاقان نے پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کے لیے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ پیٹرولیم لیوی چارجز میں کمی کر کے عوام کو ریلیف فراہم کرے۔
ان کا کہنا تھا کہ پڑوسی ممالک اپنی ایکسائز ڈیوٹی میں کمی کر کے پیٹرول کی قیمتوں کا تعین کر رہے ہیں، لیکن پاکستان میں لیوی کی مقدار برقرار رہنے سے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے مہنگائی میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔
نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر خاقان نے کہا کہ بھارت سمیت خطے کے متعدد ممالک نے عوام کو ریلیف دینے کے لیے اپنی ایکسائز ڈیوٹی میں کمی کی ہے لیکن اس کے برعکس پاکستان میں لیوی برقرار رکھی گئی ہے جس کے نتیجے میں ایندھن کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں اور عوام پر اضافی بوجھ پڑ رہا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کو عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ دوبارہ مذاکرات کرکے پیٹرولیم لیوی میں نرمی کی کوشش کرنی چاہیے تاکہ عوام کو قیمتوں میں اضافے کے اثرات سے بچایا جا سکے۔
ڈاکٹر خاقان کا کہنا تھا کہ اگر حکومت اس مسئلے پر فوری اقدامات کرے تو عوام کو پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ مل سکتا ہے۔